ضلع کونسل ساہیوال کا ضمنی بجٹ منظور

ساہیوال(بیورورپورٹ)ضلع کونسل ساہیوال کے ضمنی بجٹ سال2017-18کی منظوری دے دی ہے جس میں آمدن کا تخمینہ ایک ارب 37کروڑ29لاکھ روپے جبکہ اخراجات کا تخمینہ ایک ارب 27کروڑ70لاکھ روپے لگایا گیا ہے اس طرح مالی سال کے اختتام پر 9کروڑ 58لاکھ 70ہزار روپے کی بچت ہو گی۔اجلاس خاص کی صدارت سینئر ممبر شہادت گیلانی نے کی۔ترمیمی بجٹ چیئر مین ضلع کونسل چوہدری زاہد اقبال نے پیش کیا جس کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی۔ترمیمی بجٹ کے مطابق ضلع کونسل کو پراپرٹی ٹرانسفر فیس سے 12کروڑ‘کمرشلائزیشن فیس اور ہاؤسنگ سوسائٹیز کی ڈویلپمنٹ فیس کی مد میں بھی 12کروڑ اور دوکانوں کے کرایوں میں 26لاکھ روپے کی آمدنی ہو گی جبکہ صوبائی حکومت سے پی ایف سی گرانٹ کے تحت 25کروڑ61لاکھ روپے اور ترقیاتی منصوبوں کیلئے 7کروڑ 11لاکھ 45ہزار روپے ملیں گے۔ترمیمی بجٹ کے مطابق جاری ترقیاتی سکیموں پر 15 کروڑ 86 لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے جبکہ نئی ترقیاتی سکیموں اور تعمیر و مرمت پر 64کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔اس کے علاوہ صوبائی حکومت کی طرف سے لوکل گورنمنٹ ترقیاتی پیکج کے تحت 14کروڑ50لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے -بجٹ اجلاس کے بعد چیئر مین ضلع کونسل چوہدری زاہد اقبال ا ور ممبران نے کونسل کے لان میں پودا لگا کر موسم بہار کی شجر کاری مہم کا بھی افتتاح کیا جس دوران یونین کونسلز کے تمام دفاتر میں پودے لگائے جائیں گے –

اپنا تبصرہ بھیجیں