ڈی پی ایس ساہیوال میں نئے گرلز بلاک کا افتتاح

ساہیوال(ایس این این)کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے ڈی پی ایس میں نو تعمیر شدہ گرلز عائشہ بلاک کا افتتاح کر دیا جس میں 4کلاس رومز اور سٹاف روم تعمیر کئے گئے ہیں۔ گرلز سکول میں تعمیر کیے جانے والے عائشہ بلاک پر کل لاگت ایک کروڑ10لاکھ روپے آئی ہے۔ افتتاحی تقریب میں پرنسپل برگیڈیر (ر) سید انوار الحسن کرمانی، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس احمد خاور شہزاد، پراجیکٹ ڈائریکٹر حبیب جیلانی وینس، بورڈ کے ارکان پروفیسر قمر الزمان خان اور سید افتخار حسین شاہ اور سینئر اساتذہ میاں محمد اکمل اور چوہدری جاوید اقبال نے بھی شرکت کی۔ کمشنر علی بہادرقاضی نے کہا کہ نئے بلاک کی تعمیر سے طالبات کی بڑھتی ہوئی تعداد کی ضروریات پوری کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔ انہوں نے نئے راوی کیمپس کی تعمیر تیز کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ اسے جلد مکمل کیا جا سکے۔ پرنسپل برگیڈیر (ر) سید انوارالحسن کرمانی نے بتایا کہ طالبات کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر نئے کلاس رومز کی اشد ضرورت تھی جسے نئے بلاک سے پورا کیا جا سکے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈی پی ایس چیچہ وطنی میں زیر تعمیر گرلز بلاک بھی اپریل تک مکمل کر لیا جائے گا جس میں 11نئے کلاس رومز تعمیر کئے جا رہے ہیں۔ کمشنر علی بہادر قاضی نے ڈی پی ایس کو ساہیوال میں معیاری تعلیم فراہم کرنے والا ایک منفرد ادارہ قرار دیا اور پرنسپل اور اساتذہ کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طلبہ و طالبات کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی کردار سازی پر بھی بھرپور توجہ دیں تاکہ انہیں ایک بہترین انسان اور معاشرے کیلئے فائدہ مند شہری بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں