حدیبیہ پیپر ملز کیس کی سماعت کل ہو گی

اسلام آباد:سپریم کورٹ میں ہفتے کے لئے 6بنچ تشکیل دے دئیے گئے۔ پانچ بنچ اسلام آباد جبکہ ایک کراچی میں مقدمات کی سماعت کرے گا۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس فیصل عرب پر مشتمل بنچ کل منگل کو عمران خان کی نااہلی کے مقدمہ کی سماعت کرے گا۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس دوست محمد خان اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل پر مشتمل بنچ حدیبیہ پیرزملز کیس کھولنے کے لئے نیب کی اپیل پرکل پیر کو سماعت کرے گا اور کیس دوبارہ سے کھولنے یا نہ کھولنے کا فیصلہ کرے گا۔جسٹس اعجاز افضل خان اور جسٹس مقبول باقر پر مشتمل بنچ پیر کو لاپتہ افراد جبکہ جسٹس مشیر عالم اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر مشتمل بنچ آج پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست کی سماعت کرے گا۔ادھر وزیر خارجہ خواجہ آصف کے خلاف اقامہ کیس کی سماعت (کل) پیر کو ہوگی،جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں خصوصی لارجر بینچ سماعت کرے گا ۔ تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ خواجہ آصف کیخلاف کیس کی سماعت(کل) پیر کے لیے مقرر کرد ی گئی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں خصوصی لارجر بینچ سماعت کرے گا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیر خارجہ خواجہ آصف سے تحریری جواب طلب کررکھا ہے۔پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار نے وزیرخارجہ کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ عثمان ڈار نے اپنی درخواست میں خواجہ آصف پر اپنے اثاثے چھپانے کا الزام لگاتے ہوئے عدالت سے ان کی نااہلی کی استدعا کی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے اپنی درخواست میں کہا کہ اقامہ چھپانے پر خواجہ آصف صادق اور امین نہیں رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں