ساہیوال (ایس این این ) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمدشہبازشریف نے کہاہے کہ پانی کا مسئلہ ہمارے لئے چیلنج ہے بھارت نے ہمارے دریائوں پر بے شمار ڈیمز شروع کر دیئے ہیں اگر عوام نے اقتدار میں آنے کا موقع دیا تو اگلے پانچ سالوں میں بھاشاڈیم بناکر 4ہزار میگا واٹ بجلی بنائیں گے اور 6ہزار ملین ایکڑ پانی کا ذخیرہ کرکے پاکستان کی زمینوں کو سیراب کریں گے ۔آصف زرداری اور عمران نیاز ی ایک ہی چٹے وٹے ہیں دونوں نے ملک کو لوٹا ہے ان کے کیسز نیب میں پڑے ہیں نیب انہیں فوری گرفتارکرے ۔وہ یہاں ملتان بائی پاس روڈ کے قریب ایک مارکی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر ن لیگ کے امیدواران پیر سید عمران احمد شاہ ‘ملک ندیم کامران ‘محمدارشد ملک ‘پیر خضرحیات شاہ کھگہ ‘چوہدری محمداشرف ‘ چوہدری طفیل جٹ ‘ چوہدری منیر ازہر ‘ ملک محمدرمضان ‘رائو نذر فرید ‘ چوہدری ساجد نعیم ہیپی ‘چیئرمین یونین کونسلز کے علاوہ کارکنوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔انہوںنے کہاکہ اگرعوام نے اقتدارمیں آنے کا موقع دیا تو پاکستان کو ملائشیا اور ترکی بنادیں گے ‘کراچی کو لاہور بنادیں گے ۔اگلے پانچ سالوں میں عوام کو صحت کارڈ بنا کر دینگے ۔ پانچ سال قبل2013کے انتخابات کے موقع پر ملک سے 20-20گھنٹے بجلی غائب تھی لیکن اقتدارمیں آکر 11ہزار میگا واٹ بجلی کے منصوبے لگائے ‘ساہیوال میں 1320میگاواٹ کول پاور منصوبہ لگایا جو تیزر فتاری سے مکمل کیا ۔ انہوںنے کہاکہ کراچی تباہ و برباد ہو چکاہے سٹرکیں ٹوٹی اورکوڑے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں اوروہاں چلنی والی بسیں ٹوبہ ٹیک سنگھ میں چلتی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ 1990میں پاکستانی روپے کی قیمت بہت بہتر تھی آج بنگلہ دیش اوربھارت ہم سے آگے نکل گیا ہے ہم ایٹمی طاقت تو ہیں لیکن کشکول ہمارے ہاتھ میں ہے ۔ کے پی کے میں عمران نے جنگلہ بس پر 70ارب روپے خرچ کئے جبکہ ہم نے پنجاب میں 30ارب روپے سے جنگلہ بس بنائی عمران خان نے 27ارب روپے کی رشوت کاالزام لگا یا یہ عمران خان نہیں نقلی خان ہے ۔انہوںنے کہاکہ عمران خان نے کے پی کے میں 89میگاواٹ منصوبہ بجلی بنانے کا دعویٰ کیا جوآج تک خراب ہے اسے یہ نہیں پتہ کہ بجلی نہ ہو تو کتنا نقصان ہوتاہے ۔ زراعت کی تباہی کا احساس نہیں وہ سیاست نہیں کر سکتا ۔پشاور میں گرمی میں لوگ مر رہے تھے خان صاحب نتھیا گلی میں آرام کرتے تھے ۔ کے پی کے میں ہسپتال بنایانہ یونیورسٹی ‘لیب بنائی نہ ہی سٹی سکین مشینیں مہیاکیں جبکہ ہم نے پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں نئی سٹی سکین مشینیں دیں ۔ ساہیوال کے ہسپتال میں لیب بنوائی ‘ سٹی سکین مشین دی اور ہیپاٹائٹس کے مریضوں کو مفت ٹیکے دیئے اورمفت ادویات اورایک ہی دوائی غریب اورامیر کیلئے ۔انہوںنے کہاکہ اگر ساہیوال کے عوام نے ن لیگ کو ووٹ دیئے تو ساہیوال میں دانش سکول اور ٹیکنیکل یونیورسٹی پہلے سال میں ہی بنائیں گے ۔ کسانوں کو سستی کھاد اور ٹیوب ویلز کو سستی بجلی جاری رہے گی ۔ کنونشن سے پیر خضرشاہ کھگہ ‘ ملک ندیم کامران اور پیر سید عمران احمد شاہ نے بھی خطاب کیا۔
