کسانوں کو عدم ادائیگی پر شوگر ملزقبضے میں لے لیں گے:‌چیف جسٹس

اسلام آباد(ایس این این ) سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے شوگر ملز مالکان کو خبردار کیا ہے کہ اگر انھوں نے کسانوں کو ادائیگیاں نہ کیں تو ملز بند کر کے کنٹرول سنبھال لیں گے۔بدھ کو سپریم کورٹ میں شوگرملز کی جانب سے کسانوں کو گنے کی قیمت کی عدم ادائیگی کیسز کی سماعت ہوئی۔ پتوکی بابا فرید اور دریا خان شوگر ملز کے مالکان عدالت میں پیش ہوئے۔ کاشت کاروں نے کہا کہ مردان شوگر ملز کا مالک 180 روپے فی من قیمت دینے کو تیار نہیں اس کا کہنا ہے کہ 180 روپے قیمت لے کر دکھاؤ، میں دے جاؤن تو مرد کا بچہ نہیں۔ مردان شوگر ملز کا کاشتکاروں کے ساتھ 150 روپے فی من کا معاہدہ ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ مردان شوگر ملز کے مالک کو بلا لیتے ہیں، معاہدہ بھی دیکھ لیں گے۔سرکاری ریٹ کا فیصلہ بعد میں کریں گے۔فی الحال ملز مالکان 180 کے ریٹ سے ادائیگیاں کریں۔ گزشتہ کئی سال کی عدم ادائیگی کا معاملہ بعد میں دیکھیں گے۔ ممکن ہے سیشن ججز سے بھی معاملے کی انکوائری بھی کرا لیں۔عدالت نے پتوکی بابا فرید اور دریا خان شوگر ملز کے مالکان سے ادائیگیوں کا بیان حلفی طلب کرلیا۔ چیف جسٹس نے پوچھا کہ پتوکی شوگر ملز کب کسانوں کو ادائیگی کرےگی؟۔ وکیل پتوکی مل نے کہا کہ2ماہ میں ادائیگی کر دیں گے۔چیف جسٹس نے کہا کہ ادائیگی نہ ہوئی تو مل بند کر کے کنٹرول سنبھال لیں گے۔اب تک ہونے والی ادائیگی کا بیان حلفی دیں۔تمام ادائیگی سرکاری ریٹ کے مطابق کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں