تحریک انصاف کے مینار پاکستان جلسے کی تیاریاں مکمل

لاہور(ایس این این )تحریک انصاف مینار پاکستان پر کل تاریخی جلسہ کرے گی۔ جلسے کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں۔ملکی تاریخ کا سب سے بڑا سٹیج پاور شو کے لیے تیار کیا جا چکا ہے۔ اسٹیج کے عقب میں تاریخ کی سب سے بڑی اسکرین آویزاں ہے جس پر عمران خان کی22 سالہ سیایس جدوجہد پر دستاویزی فلم دکھائی جائے گی۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج اپنی تیسری زوجہ کے ہمراہ لاہور پہنچ چکے ہیں۔سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق عمران خان اپنی سیاسی زندگی کا سب سے اہم خطاب کریں گے۔ نئے پاکستان کے حوالے سے اپنا حتمی منشور اور آئندہ کا سیاسی لائحہ عمل دیں گے۔جلسے کے لاکھوں شرکاء مینار پاکستان کے سائے میں ہم آواز ہو کر قومی ترانہ پڑھیں گے۔ ارض پاک سے وفاداری کا حلف خصوصی طور پر پروگرام کا حصہ ہے۔ نامور گلوکار مادر وطن کی عقیدت میں ملی نغمے بھی پیش کر کے شرکا کا لہو گرمائیں گے۔ جلسے کے کی تیاریوں کے حوالے سے پنڈال کو 3 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ایک حصہ خواتین، دوسرا حصہ فیملیز اور تیسر ا حصہ مردوں کے لئے مختص ہے۔ جلسہ گاہ میں 50 ہزار کرسیاں لگائی جا رہی ہیں۔دریں اثناءتحریک انصاف کے مرکزی رہنما شفقت محمود نے کہاہے کہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا عوامی جلسہ ہونے جارہا ہے۔مختلف جگہوں پر ن لیگی کے کارکن بینرز اور پوسٹرز پھاڑ رہے ہیں۔ن لیگ کی حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ اپنی حرکتوں سے باز آجائیں جو کچھ کررہے ہیں اس کے ذمہ دار شہباز شریف ہوں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں