نثار شہباز ملاقات، گلے شکوے اور تحفظات

لاہور(ایس این این )‌سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سےملاقات کی جس میں انہوں نے وزیر اعلیٰ کو اپنے تحفظات اور پارٹی میں مخالف عناصر کے ہتھکنڈوں سے آگاہ کیا. ذرائع کے مطابق آج ہونے والی اس ملاقات میں شہباز شریف نے سابق وزیر داخلہ کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے انھیں کہا کہ آپ پارٹی چھوڑنے کی باتیں نہ کریں آپ کو پارٹی کے ساتھ رہنا چاہیئے۔ماڈل ٹاؤن میں ہونے والی اس ملاقات میں چوہدری نثار کے مخالف عناصر اور نواز شریف ، مریم نواز اور دیگر سے تلخی اور تحفظات سمیت اہم امور زیر بحث آئے. چوہدری نثار نے شہباز شریف کو اپنی آئندہ حکمت عملی سے بھی آگاہ کیا ہے تاہم یہ واضح‌نہیں کہ انھوں نے شہباز شریف کو پارٹی کا ساتھ دینے کی یقین دہائی کرائی یا پارٹی سے علیحدگی کے اشاروں‌پر عمل درآمد کا عندیہ دیا تاہم وزیر اعلیٰ کی جانب سے ان کے تمام شکوک و شبہات اور تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے.یاد رہے کہ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے مابین گزشتہ کئی ماہ سے تند و تیزبیانات کا سلسلہ جاری ہے، چوہدری نثار نے گزشتہ دنوں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ مسلم لیگ (ن) سے رشتہ اور ناطہ قائم رکھنا چاہتا ہوں لیکن پارٹی کو گھر کی لونڈی بنایاگیا تو شاید پارٹی سے بھی تعلق نہ رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں