ساہیوال: زکوٰۃ کمیٹی کے عہدے داروں میں تقرر ناموں کی تقسیم

ساہیوال(ایس این این)صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت مستحقین کی کفالت اورمالی امداد کو اپنی بنیادی ذمہ داری سمجھتی ہے جس کیلئے مقامی زکوٰۃ کمیٹیوں کے ذریعے زکوٰۃ فنڈ کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا گیا ہے تا کہ نادار افراد کی مالی امداد ہو سکے ۔انہوں نے یہ بات ساہیوال شہر کی مقامی زکوٰۃ کمیٹیوں کے چیئرمینوں میں تقرر نامے تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ضلعی زکوٰۃ کمیٹی کے چیئرمین چوہدری امجد ظفر اور میئر ساہیوال سردار اسد علی خان بلوچ کے علاوہ شہر کی یونین کونسلز کے چیئرمینز اور کونسلرز نے بھی شرکت کی ۔انہوںنے کہا کہ زکوٰۃ کی تقسیم کمیٹی کے ممبران پر بھاری ذمہ داری ہے تا کہ صرف مستحق افراد کو ہی مالی امداد مل سکے ۔انہوں نے سبکدوش ہونیوالے ضلعی چیئرمین چوہدری امجد ظفر کی خدمات کو زبر دست خراج عقیدت پیش کیا جو اپنی 3 سالہ مدت پوری کر کے سبکدوش ہو رہے ہیں ۔چوہدری امجد ظفر نے بتایا کہ ضلع بھر میں 585 مقامی زکوٰۃ کمیٹیوں میں سے 510 مکمل ہو چکی ہیں اور انہوں نے مستحقین کی امداد کا عمل شروع کر دیا ہے ۔صوبائی حکومت نے موجودہ مالی سال کے دوران ضلعی زکوٰۃ کمیٹی کو مستحقین میں تقسیم کرنے کیلئے 11 کروڑ روپے کی خطیر رقم فراہم کی ہے جس میں سے اب تک گذارہ الائونس کی مد میں ڈیڑھ کروڑ روپے ،مفت علاج کیلئے ایک کروڑ روپے ،بحالی فنڈ کے تحت 20 لاکھ روپے اور جہیز فنڈ کی مد میں 11 لاکھ روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں ۔انہوںنے نومنتخب مقامی چیئرمینوں سے اپیل کی کہ وہ زکوٰۃ کی مقدس امانت کو انتہائی دیانتداری اور شفافیت سے مستحقین تک پہنچائیں تا کہ ملک سے غربت اور افلاس کا خاتمہ ہو سکے اور انہیں بھی معاشرے میں اپنے پائوں پر کھڑا ہونے میں کامیابی ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں