واپڈا آفس پل بازار کے باہر کباڑیوں‌کا قبضہ

ساہیوال (بیورورپورٹ)واپڈا دفتر کے باہر شاہراہ پر کباڑیوں اور لوہے کا کاروبار کرنے والوں کا قبضہ ‘لوہے کے ٹکڑوں اورکیلوں کی وجہ سے شہریوں کی گاڑیاں اورموٹرسائیکل پنکچر ہونے لگے ‘ضلعی انتظامیہ سے اصلاح احوال اور آپریشن کلین اپ کا مطالبہ ۔تفصیلات کے مطابق نہر لوئر باری دوآب کے کنارے پل بازار سے ریلوے اسٹیشن جانے والی سڑک پر واپڈا دفتر کے باہر کباڑیوں ‘لوہے اورسریا کاکاروبار کرنے والوں نے قبضہ جما رکھاہے ۔سیاسی پشت پناہی کی وجہ سے یہ ناجائز قابضین کئی سالوں سے براجمان ہیں ۔لوہے کے ٹکڑوں اورکیلوں سے سڑک پر چلنے والی کاروں اورموٹرسائیکلوں کے پہیے پنکچر ہونے سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہو تاہے ۔ شہری حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور کمشنر ساہیوال سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کی اصلاح کی جائے اور قانونی کارروائی کرتے ہوئے ناجائز قابضین سے جگہ واگزار کروا کر نہر کے پشتوں کو ٹھیک کرکے تزئین و آرائش کاکام مکمل کیاجائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں