پنجاب کالج ساہیوال میں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد

ساہیوال (بیورورپورٹ)کمشنرساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ ملک کو مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے نئی نسل کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ وقت کی اہم تقاضا ہے جس کیلئے اچھے تعلیمی اداروں کا کردار انتہائی اہم ہے۔نجی شعبے میں قائم اعلی تعلیمی ادارے نوجو ان نسل کی بہترین تربیت کرکے ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں جس کو سراہا جانا چاہیے۔انہو ں نے یہ بات نجی کالجز کے زیر اہتمام بورڈ امتحانات میں پوزیشنز حاصل کرنیوالے طلبا و طالبات میں شیلڈز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب میں ممبر قومی اسمبلی پیر سید عمران شاہ‘ چیئرمین پی ایچ اے پیر احسان الحق ادریس‘چیئر مین ضلع کونسل چوہدری زاہد اقبال‘ڈی پی او عاطف اکرام‘کالج پرنسپل محمد توصیف‘اساتذہ اور طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔انہو ں نے کہا کہ طلبا و طالبات کی بہتر تربیت میں اساتذہ کا اہم کردار کیونکہ وہ بچوں کو کانٹوں بھری دنیا میں سر اٹھا کر جینے کا سلیقہ سکھاتے ہیں او رانہیں مستقبل کی ذمہ داریاں اٹھانے کے قابل بناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بچوں کو ان کی اعلی نصابی و ہم نصابی کارکردگی پر انعام دیکر حوصلہ افزائی کرنا بھی انتہائی ضروری ہے جس سے ان میں آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔انہو ں نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انٹرمیڈیٹ کے فیڈرل بوڈر امتحانات میں دوسری پوزیشن حاصل کی اور اپنے اساتذہ کی بھر پور حوصلہ افزائی سے مزید محنت کرتے ہوئے سی ایس ایس کے امتحان میں بھی دوسری پوزیشن حاصل کی۔انہوں نے طلبا و طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنے تمام تر توجہ تعلیم کے حصول پر مرکوز رکھیں تا کہ وہ اپنے اساتذہ اور والدین کی توقعات پر پورا اتر سکیں۔تقریب میں پنجاب کالج کے زیر اہتمام سٹار آف ساہیوال کو جیتنے والی گورنمنٹ ایم سی ہائی سکول کی طالبہ ندا سراج کو 20ہزار روپے نقدجبکہ ساہیوال بورڈ میں کامرس گروپ میٹرک کے امتحانات میں ٹاپ کرنے پر کالج کی طالبہ اقصی احمد کو مہران گاڑی کا تحفہ دیا گیا۔اس کے علاوہ بلال انور اور محمد ارسلان کو موٹر سائیکل انعام میں دیئے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں