عوامی خدمت ہماری حکومت کا ویژن ہے: ملک ندیم کامران

ساہیوال (ایس این این )صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کا ویژن عوامی خدمت ہے،عوام نے الزامات،جھوٹ،گالم گلوچ اور فساد کی سیاست کو مسترد کیا ہے اور اس کا ثبوت انہو ں نے لودھراں الیکشن میں مسلم لیگ ن کوواضح اکثریت سے کامیاب کر کے دیا ہے -ووٹ صرف کارکردگی اور عوامی خدمت پر دیا جاتا ہے -انہوں نے یہ بات ضلعی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ضلع بھر سے ہزاروں پارٹی کارکنوں نے شرکت کی -کنونشن میں ممبران اسمبلی سید عمران احمد شاہ، چوہدری محمد اشرف،چوہدری منیر ازہر،پیر خضر شاہ کھگہ،محمد ارشدملک،حنیف جٹ،میئر ساہیوال اسد خان بلوچ،وائس چیئر مین ضلع کونسل رانا محمد فاروق،رانا محمد سجاد،چیئر مین پی ایچ اے پیر احسان الحق ادریس،رانا باسط ٹکٹ ہولڈر اور ممبر جنرل کونسل چوہدری محمد آصف اورجنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن ضلع ساہیوال راؤ نذرفرید ندیم موجود تھے -انہوں نے مزید کہا کہ ملکی ترقی اور عوام کی خوشحالی سے بڑھ کر ہماری کوئی ترجیح نہیں،ترقی کے تیز رفتار سفر میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دی جائے گی -تعلیم،صحت،انفراسٹرکچر سمیت دیگر شعبوں کی ترقی اپنی مثال آپ ہیں اور ہم نے ترقیاتی منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کر کے ریکارڈ قائم کئے ہیں،عوام کی فلاح و بہبود اور علاقائی تعمیر و ترقی کے حوالے سے مسلم لیگ ن کی موجودہ حکومت ماضی کی تمام حکومتوں سے سرفہرست ہے -ممبر پنجاب اسمبلی ارشد ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سالوں کے دوران اقتدار کے خواب دیکھنے والے سازشی ٹولے نے ملک کو دھرنوں اور انتشار کی سیاست کا کلچر دیا ہے -عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ عملی اقدامات سے ہی ملک ترقی کرتے ہیں -انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے اور محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف لوگوں کے دلوں میں بستے ہیں -ملک کی با شعور عوام نے لودھراں الیکشن کی طرح 2018کے عام انتخابات میں ایک بار پھر مسلم لیگ ن کو اقتدار میں لانا ہے -سٹی میئر سردار اسد خان بلوچ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم نے محمد نواز شریف کو میڈیٹ دیکر وزیر اعظم منتخب کیا اور محمد نواز شریف نے بھی قوم کے اعتماد کی لاج رکھی اور ملکی سلامتی و ترقی کے لئے دن رات کام کیا اور ملک کو سنگین بحرانوں کی زد سے باہر نکالا جو ہمیں ورثہ میں سابقہ حکومتوں کی نااہلی کی وجہ سے ملے -کنونشن کی نظامت راؤ نذرفرید نے کی جبکہ دیگر مقررین پیر عمران شاہ والی،چوہدری منیر ازہر،حنیف جٹ،آئی زیڈ بھٹی نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا –

اپنا تبصرہ بھیجیں