ہسپتالوں‌میں ڈاکٹرز کی کمی پوری کرنے کے لیے کوشاں‌ہیں: کمشنر

ساہیوال (بیورورپورٹ )کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت دور دراز علاقوں میں صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک جامع پروگرام پرعمل کر رہی ہے جس میں تمام ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی دور کرنے کے ساتھ ساتھ جدید طبی آلات کی فراہمی بھی شامل ہے تا کہ بڑے ہسپتالوں سے مریضوں کا بوجھ کم ہو۔18کروڑ 61لاکھ روپے کی لاگت سے رورل ہیلتھ سنٹر رینالہ خورد کے اپ گریڈیشن کے منصوبے کی جلد مکمل کیا جائے گا جس سے رینالہ خورد میں 60بیڈ کا تحصیل ہسپتال علاقے کے عوام کو طبی ضروریات کو پورا کرے گا۔انہوں نے یہ بات زیر تعمیر ہسپتال کے دوسرے کے بعد ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ہسپتال کے معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر صادق سلیم اور ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حبیب جیلانی وینس کے علاوہ محکمہ بلڈنگ اور ہیلتھ کے افسران نے شرکت کی ۔کمشنر نے ہسپتال میں غیر متعلقہ افراد کی موجودگی پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور ایم ایس کو ہدایت کی کہ ہسپتال کا صرف مین گیٹ کھلا رکھا جائے اور سکیورٹی کا مناسب انتظام ہو تا کہ کسی نا خوشگوار واقعے سے بچا جا سکے ۔انہوں نے اے سی رینالہ کو ہسپتال کی صفائی کرانے اور غیر قانونی قابضین سے رہائش گاہیں خالی کرانے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اپ گریڈیشن کا یہ منصوبہ 2014میں شر وع کیا گیا او رابتک 13کروڑ88لاکھ روپے خرچ کئے جا سکے ہیں لیکن اس سال حکومت نے کوئی فنڈ فراہم نہیں کئے جس کی وجہ سے ہسپتال کی تعمیر تعطل کا شکار ہے۔کمشنر علی بہادرقاضی نے یقین دلایا کہ اضافی فنڈز کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا تا کہ اسے جلد مکمل کر کے عوام کو جدید طبی سہولیات فراہم ہو سکیں۔انہوں نے ایم ایس کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے انتظامی معاملات کو بہتر بنائیں تا کہ دستیاب وسائل کو عوام کیلئے استعمال کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں