ضیاء دور کا لاڈلا پانامہ پر رو رہا ہے: عمران خان

لاہور: پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے معاملے پر پی ٹی آئی طاہرالقادری کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ،آمروں کی گود میں پلنے والے آج ہمیں جمہوریت کا درس دیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پارٹی وفد کے ہمراہ طاہرالقادری سے ملاقات میں کیا۔ عمران خان نے کہا کہ ضیا دور میں لاڈلے پالے گئے ، پھر ان کے لیے آئی جے آئی بنوائی گئی، بے نظیر حکومت گرائی گئی.اب لاڈلا پاناما میں پھنس گیا ہے اور رو رہا ہے مگراسے پالنے والی اسٹیبلشمنٹ اس کی مدد نہیں کررہی ۔ طاہر القادری نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے دن ختم ہوگئے ،ایک بھائی پاناما پر گیا ،دوسرا سانحہ ماڈل ٹاؤن پر جائےگا، انکوائری سے ثابت ہو چکا کہ شہباز شریف مظاہرین پر فائرنگ کا حکم دینے والے اور رانا ثنا اس پر عمل کروانے والے تھے۔انہوں نے کہا کہ اب اے پی سی فیصلہ کرے گی کہ ہمیں احتجاج کرنا ہے یا قانونی جنگ لڑنی ہے،فوج کو کسی مداخلت کی نہ ضرورت ہے نہ ہم اس کا مطالبہ کریں گے ، عوامی احتجاج ہی ان کا خاتمہ کردے گا ۔ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے پولیس کو ہٹانے کا کبھی حکم نہیں دیا تھا،رپورٹ پبلک کروانے میں ساڑھے3 سال لگ گئے ۔ طاہر القادری نے کہا کہ ایک ایس ایچ او تک معطل نہیں کیا ،شہبازجان لیں کہ ان کی معافی نہیں ہوگی ،انھیں گھر یا جیل جانا ہوگا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں