حکومت جلد صوبائی سطح پر ہیلتھ کنونشنز منعقد کرے گی: ڈی سی او

ساہیوال(بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر شوکت علی کھچی نے کہا ہے کہ صحتمند افراد صحتمند معاشرے کی ضمانت ہوتے ہیں۔حکومت پنجاب عوام کو علاج معالجے کے بہترین سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ حفظان صحت کے اصولوں بارے آگاہی کیلئے ہیلتھ کنونشنز کروا رہی ہے جس میں عوام کو اچھی صحت اور بیماریو ں سے بچنے کے بنیادی اصولوں کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں گی۔یہ بات انہو ں نے اپنے دفتر میں ہیلتھ کنونشنز کے انتظامات کے حوالے سے ہونے والے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی،جس میں اے ڈی سی جی خاور شہزاد،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا،ڈ ی ایچ او ڈاکٹر رانا امتیاز،ڈرگ کنٹرولر مس صدف اور ایم ایس چیچہ وطنی ڈاکٹر شاہد رسول کے علاوہ محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکمو ں کے افسران نے شرکت کی۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا نے اجلاس کو بتایا کہ یہ کنونشنز2دسمبر تا11دسمبر تک منعقد کروائیں جائیں گے جس میں انتظامیہ کے ساتھ ساتھ ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کی شرکت کو بھی یقینی بنائیں جائے گا۔بعد ازاں ڈسٹرکٹ نارکوٹکس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس چیئر مین و ڈپٹی کمشنر شوکت علی کھچی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں منشیات کے خاتمے کیلئے جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری ڈسٹرکٹ نارکوٹکس کنٹرول کمیٹی احمد سعید، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سید علمدار حسین شاہ،ڈویژنل سپورٹس آفیسر اکبر مراد اور معروف سائیکالوجسٹ ڈاکٹر شہزادطاہر کے علاوہ دیگر متعلقہ اداروں کے ضلعی افسران نے بھی شرکت کی۔ سیکرٹری ڈسٹرکٹ نارکوٹکس کنٹرول کمیٹی احمد سعیدنے اجلاس کو بتایا کہ ہمارے تعلیمی ادارے سماج دشمن عناصر کی ہٹ لسٹ پر ہیں جہاں وہ اپنے مذموم مقاصد کیلئے منشیات کی لعنت پھیلا رہے ہیں جس پر ڈپٹی کمشنر نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ تعلیمی اداروں کی کنٹین اور ہوسٹلز پر کڑی نظر رکھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں