ساہیوال میں کھیلوں کے فروغ کے لیے 12 سکیموں کی منظوری

ساہیوال(بیورورپورٹ)سپورٹس بورڈ پنجاب نے ساہیوال ڈویژن میں کھیلوں کے فروغ کیلئے 12بڑی سکیموں کی منظوری دیدی ہے جن پر لاگت کا کل تخمینہ 73کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔یہ تمام سکیمیں 31مارچ 2018ء تک مکمل کر لی جائیں گی ۔یہ بات ڈویژنل سپورٹس آفیسر اکبر مراد نے اپنے دفتر میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ 7کروڑ43لاکھ روپے کی لاگت سے جمخانہ کرکٹ گرائونڈ ساہیوال میں نیا پویلین تعمیر کیا جائے گا اور جدیدفلڈ لائٹس لگائی جائیں گی۔7کروڑ43لاکھ روپے سے گورنمنٹ کالج ساہیوال کے کرکٹ گرائونڈ کی تعمیر نو کی جائیگی اور فلڈ لائٹس بھی لگائی جائیں گی اسی طرح کبڈی سٹیڈیم چیچہ وطنی کی تعمیر 2کروڑ82لاکھ روپے سے مکمل کی جائیگی۔چک نمبر 39/14ایل چیچہ وطنی میں 7کروڑ 47لاکھ روپے سے کرکٹ سٹیڈیم تعمیر کیا جائیگا اور 6کروڑ82لاکھ روپے سے ہائر سکینڈری سکول 103/7آر ہڑپہ میں فٹ بال گرائونڈ بنایا جائے گا۔اکبر مراد نے مزید بتایا کہ ضلع اوکاڑہ میں جمخانہ کرکٹ گرائونڈ ‘میونسپل سٹیڈیم میں 4کروڑ10لاکھ روپے اور فٹ بال گرائونڈ اوکاڑہ سٹی میں 2کروڑ 41لاکھ روپے سے فلڈ لائٹس لگائی جائیں گی جبکہ بصیر پور میں 13کروڑ40لاکھ روپے سے جمنزیم تعمیر کیا جائیگا اسی طرح رینالہ خورد میں کرکٹ گرائونڈ کی تعمیر اور فلڈ لائٹس کیلئے 7کروڑ 47 لاکھ روپے خرچ ہونگے اور گوگیرہ میں سپورٹس سٹیڈیم پر3کروڑ 77لاکھ روپے خرچ ہونگے جبکہ ضلع پاکپتن میں نانک پور کے ہاکی سٹیڈیم کی تعمیر پر 7 کروڑ25لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی تعمیر سے ڈویژن کے ہزاروں کھلاڑیوں کو فائدہ پہنچے گا اور انہیں کھیلوں کی جدید سہولیات دستیاب ہونگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں