ڈی پی ایس کی ترقی دوسروں کے لیے مشعل راہ ہے: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن بابر حیات تارڑ نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو ان کی صلاحیتوں کے مطابق معیاری تعلیم کی فراہمی سے ہی ملک کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکتا ہے جس کے لئے حکومت بجٹ کا خطیر حصہ صرف کر رہی ہے۔ڈی پی ایس ساہیوال نے جو نصابی اور ہم نصابی کامیابیاں حاصل کی ہیں وہ دوسروں کے لئے مشعل راہ ہے اور یہ ادارہ خطے کے تعلیمی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔وہ یہاں ڈی پی ایس سکول میں سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔جس میں پرنسپل برگیڈیئر (ر) سید انوارالحسن کرمانی اور ایڈیشنل کمشنر میاں جمیل احمد اور کنٹرولر امتحانات ساہیوال بورڈ قاضی عبدالناصر کے علاوہ اساتذہ اور والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔انہوں نے ڈی پی ایس کی میٹرک اور انٹر میڈیٹ امتحانات میں شاندار کامیابی کو مسلسل محنت کا ثمر قرار دیا اور کہا کہ یہاں سے فارغ التحصیل طلبا و طالبات کااعلی تعلیمی اداروں میں داخلہ اس کی واضح مثال ہے۔

پرنسپل نے بتایا کہ اس سال سکول کے 513طلبا و طالبات نے انٹر میڈیٹ کا امتحان دیا جس میں سے 508نے کامیابی حاصل کی جن میں سے 326طلبا و طالبات نے اے پلس گریڈ حاصل کیا جو ساہیوال بورڈ میں ایک ریکارڈ ہے۔ڈی پی ایس کے طالبعلم محمد احمد نے 1034نمبر اور حافظ فیضان خالد نے 1031نمبر حاصل کر کے ساہیوال بورڈ کے انٹرمیڈیٹ امتحان میں بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ میٹرک میں احمد فرقان انجم نے 1080نمبروں کیساتھ بورڈ میں پہلی‘محمد انس نے 1079نمبروں کیساتھ دوسری اور عبدالرؤف رزاق اور ارمان رؤف نے 1078نمبروں کیساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں