ساہیوال: کوڑےکرکٹ کو لگائی جانے والی آگ سموگ کا باعث

ساہیوال (بیورو رپورٹ)نہر ایل بی ڈی سی کے کنارے کوڑاکرکٹ کے ڈھیروں کو آگ لگانا شہریوں کیلئے وبال جان بن گیا‘ زہریلا دھواں سموگ کا سبب بننے لگا‘شہری گلے‘ آنکھوں‘ اور سانس کے مرض میں مبتلا ہونے لگے‘ کمشنر‘ڈپٹی کمشنراور سٹی میئر سے نوٹس لینے کامطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل کارپوریشن کا عملہ شہربھر سے کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں کو ٹرالیوں میں بھر کے نہر ایل بی ڈی سی کے کنارے پھینک کر شام ہوتے ہی آگ لگا دیتاہے جس سے قریبی آبادیوں بھٹونگر‘بلال کالونی اور دیگر ملحقہ کالونیوں میں دھواں پھیل جاتاہے۔ شہریوں کا کہناہے کہ دھواں اس قدر زہریلا ہوتاہے کہ جھال روڈ پر چلنے والے اور گھروں میں رہنے والے افراد کو گلے‘آنکھوں اور سانس کے مرض میں مبتلاہو رہے ہیں جبکہ زہریلا دھواں دمہ کے مریضوں کیلئے وبال جان بن چکاہے۔ انہوں نے کہاکہ پہلے ہی شہری سموگ کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہیں اوپر سے کارپوریشن عملہ نہر کنارے پڑے کوڑا کرکٹ کو آگ لگا کر شہریوں کا سکون برباد کررہاہے۔ انہوں نے کمشنر‘ڈپٹی کمشنر اور سٹی میئر سے فوری نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں