سینئرصحافی احمد نورانی پر نامعلوم افراد کا تشدد

اسلام آباد(ویب ڈیسک) اسلام آباد میں دی نیوز کے سینئر رپورٹر احمد نورانی پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔سینئر رپورٹر احمد نورانی راولپنڈی سے اسلام آباد آرہے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار 3 نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی کا تعاقب کرتے ہوئے زیرو پوائنٹ جنکشن پر روکا جہاں تین مزید افراد پہلے سے موجود تھے۔
نامعلوم افراد نے احمد نورانی اور ان کے ڈرائیور کو گاڑی سے اتار کر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے۔ملزمان کے فرار ہونے کے بعد جائے وقوعہ پر موجود ایک شخص نے ان کی گاڑی ڈرائیو کرتے ہوئے اسپتال پہنچایا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔اسپتال ذرائع کے مطابق صحافی احمد نورانی کو ہوش آچکا ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم سر میں شدید چوٹیں آنے کی وجہ سے انہیں آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں