دوسرا ٹیسٹ جیتنے کے لیے پاکستان کو 119 رنز درکار

دوبئی: دوسرے ٹیسٹ میچ پاکستانی ٹاپ اور مڈل آرڈر کی ناکامی کے بعد کپتان سرفراز احمد اور اسد شفیق کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے 317 رنز ہدف کے تعاقب میں اسکور 198 رنز تک پہنچادیا، قومی ٹیم کو جیت کیلئے مزید 119 رنز درکار ہیں، کپتان 57 جبکہ مڈل آرڈر بیٹسمین 86 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔
دبئی ٹیسٹ کے چوتھے دن پاکستان نے سری لنکا کے 317 رنز ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو ابتداء سے ہی شاہین مشکلات کا شکار رہے، اوپنر سمیت 5 بلے باز محض 52 رنز پر پویلین لوٹ گئے، شان مسعود 21، سمیع اسلم ایک، اظہر علی 17، حارث سہیل 10 اور بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے وکٹیں گنوا گئے۔کپتان سرفراز احمد اور اسد شفیق نے ٹیم کو سنبھالا دیا، دونوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچریاں مکمل کیں اور سری لنکن بالرز کی ایک نہ چلنے دی۔
چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنالئے، اسد شفیق 86 اور سرفراز 57 رنز بناکر ناقابل شکست ہیں، شاہینوں کو کھیل کے آخری دن جیت کیلئے مزید 119 رنز درکار ہیں، جبکہ اس کے 5 کھلاڑی ابھی باقی ہیں۔سری لنکا کو پہلا ٹیسٹ جیت کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے، قومی ٹیم کے پاس دبئی ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کرنے کا سنہری موقع ہے۔ سماء

اپنا تبصرہ بھیجیں