ڈپٹی مئیر ساہیوال کی محرم انتظامات پر صوبائی وزیر کو بریفنگ

ساہیوال (بیورورپورٹ)ڈپٹی میئر میونسپل کارپوریشن ساہیوال ساجد نعیم ہیپی نے کہا ہے کہ میونسپل کارپوریشن نے محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو سہولت فراہم کرنے اورانہیں اپنے مذہبی اجتماعات کے انعقاد میں کسی پریشانی سے بچانے کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں جس میں عزاداروں کے جلوسوں کے روٹ پر سڑکوں کی مرمت،سٹریٹ لائٹس کی درستگی اور صفائی کو بہتر بنانا شامل ہے۔ وہ یہاں سرکٹ ہاؤس میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے وفد کو کئے گئے انتظامات بارے بریفنگ دے رہے تھے جس نے صوبائی وزیر انسداد دہشت گردی سردار محمد ایوب گادھی کی سربراہی میں ساہیوال کا دورہ کیا اورانتظامات کا جائزہ لیا۔و فد کے دوسرے ارکان اور انتظامی و پولیس افسران بھی بریفنگ میں موجود تھے۔ساجد نعیم ہیپی نے کہا کہ مونسپل کارپوریشن کے تمام عملے کی محرم ڈیوٹیا ں لگا دی گئی ہیں اور کسی قسم کی شکایت پر نشاندہی پر فوری کاروائی کرکے روٹس کے راستوں کو بہتر کیا جا رہا ہے۔انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ منتخب نمائندے امن و امان برقرار رکھنے میں انتظامیہ کی بھر پور مدد کریں گے اور عزاداری کے تمام جلوسوں میں پولیس کے ساتھ ساتھ ہوں گے تا کہ امن و امان کی مثالی فضا کو یقینی بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں