ملت اسلامیہ کو مشکلات سے نجات کے لیے متحد ہونا ہو گا: پیر منظور احمد شاہ

ساہیوال(بیورورپورٹ)معروف مذہبی سکالر و جامعہ فریدیہ ساہیوال کے بانی و شیخ الحدیث علامہ پیر ابوالنصر منظور احمدشاہ نے کہاہے کہ ملت اسلامیہ کی پریشانیوں کے حل کیلئے مسلم اقوام متحدہ کا قیام ناگزیر ہے اس وقت برما‘فلسطین‘مقبوضہ کشمیر‘چیچنیا اوربوسنیا کے مسلمان ظلم و ستم کا شکار ہیں۔امریکہ اور اسرائیل کی سرپرستی میں عالم کفر مسلمانوں کے خون کا پیاسا ہو چکا ہے۔موجودہ حالات کے تناظر میں مسلم حکمرانوں کو چاہئے کہ ظالم اقوام متحدہ کا بائیکاٹ کرکے مسلم اقوام متحدہ کے قیام کا اعلان کریں تاکہ دنیا میں مظلوم مسلمانوں پر ہونے والی زیادتیوں کو روکا جا سکے۔وہ یہاں جامعہ فریدیہ میں 64ویں حج سے واپسی پر اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر ڈاکٹر مفتی محمدمظہر فرید شاہ‘پیر محمداظہر فرید شاہ‘حاجی احسان الحق فریدی اور الحاج عبدالغفور فریدی بھی موجود تھے۔انہوں نے کہاکہ اس وقت ٹرمپ‘مودی ودیگر کفار مسلمانوں کے خون کے پیاسے ہو چکے ہیں برما کی صورتحال انتہائی پریشان کن ہے۔برما دہشت گرد ملک ہے جو مسلمانوں پر بلاوجہ ظلم کی آگ برسارہاہے۔ تمام مسلم ممالک کو متحد کو ہو کر اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرنا چاہئے۔انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ برما کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کرکے برمی سفیر کو فوری ملک بدر کرے اور دیگر مسلم ممالک کو بھی برما کا بائیکاٹ کرنا چاہئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں