یونیورسٹی آف ساہیوال کو جدید تعلیمی سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا: کمشنر ساہیوال

ساہیوال(بیورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن بابر حیات تارڑ نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو معیاری تعلیم کی فراہمی اور انہیں مستقبل کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے قابل بنانے میں یونیورسٹی آف ساہیوال اہم کردار اد ا کریگی جس کیلئے صوبائی حکومت ضروری فنڈز کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے ۔یونیورسٹی کے معاملات کو بہتر انداز سے چلانے کیلئے یونیورسٹی سینڈیکیٹ کی تشکیل اور اہم عہدوں پر تعیناتی کا عمل بھی مکمل کیا جا رہا ہے ۔وہ یہاں اپنے دفتر میں یونیورسٹی آف ساہیوال کے مجوزہ ترقیاتی منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے ہونیوالے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں یونیورسٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر شفیق حسین ‘ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حبیب جیلانی وینس اور ایس ای بلڈنگ ساجد رشید کے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔کمشنر نے یونیورسٹی کا پی سی ون 20ستمبر تک تیار کرنے کی ہدایت کی جس میں موجودہ انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کیساتھ ساتھ نئے شعبوں کے قیام کیلئے بھی فنڈز رکھے گئے ہیں ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ یونیورسٹی میں ایسے نئے شعبے قائم کئے جائیں جن کی مارکیٹ میں ڈیمانڈ ہو تا کہ فارغ التحصیل طلبا و طالبات کو فوری ملازمتیں بھی مل سکیں ۔اجلاس میں کیمپس ڈائریکٹر ڈاکٹر شفیق حسین نے بتایا کہ یونیورسٹی میں 8شعبے کام کر رہے ہیں جن کی فکیلٹی کو بہتر بنانے اور دوسری تعلیمی سہولیات خصوصا لائبریری انتہائی ضروری ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں