ساہیوال(ایس این این) نواحی چک138۔نائن ایل کے قریب پولیس اور ڈاکوئوں میں مقابلہ کے نتیجہ میں ایک ڈاکو عمران کھچی ہلاک اور ایک ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کی رات دس بجے پولیس ڈیرہ رحیم نے ظفر آباد چوک میں ناکہ بندی کر رکھی تھی کہ دو موٹر سائیکلوں پر تین افراد سوار آرہے تھے اشارہ کر کے پولیس نے روکا تو ایک موٹر سائیکل سوار موٹر سائیکل سمیت فرار ہو گیا جبکہ دوسرے دو افراد نے موٹر سائیکل روک کر بھگا دی ۔پولیس نے تعاقب کیا تو دونوں ملزموں نے فصل میں دا خل ہو کر پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی ۔فریقین میں ایک گھنٹہ تک مقابلے کے بعد ایک ڈاکو شدید زخمی حالت میں پولیس نے پکڑا تو ہسپتال لے جانے لگے تو ملزم نے اپنی شناخت عمران کھچی کے نام سے کرا ئی اور دم توڑ گیا جبکہ دوسرا ڈاکو فرار ہوگیا۔پولیس ڈیرہ رحیم نے ایس ایچ او اللہ دتہ کی مد عیت میں مقدمہ 186,353,324,302اور34ت پ 13اسلحہ ایکٹ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ۔ڈاکو کے قبضہ سے پولیس نے پسٹل بھی بر آمد کر لیا۔پولیس مقابلہ میں مارا جانے والا ڈاکو تھانہ نور شاہ ،یوسف والہ اور ڈیرہ رحیم پولیس کو ڈکیتی کی درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھا۔ڈاکو کا فرار ہونے والا ساتھی موٹر سائیکل سمیت فرار ہوا جس نے ایک بیو پاری سے موٹر سائیکل چھینی تھی۔
