ساہیوال(ایس این این) سی ای او ایجوکیشن ساہیوال ڈاکٹر ارشد نے ایک بار پھر وزیر تعلیم کے احکامات کی دھجیاں بکھیر دیں۔ وزیر تعلیم مراد راس کی جانب سے 5 جون کو کہا گیا تھا کہ جو خواتین ٹیچرزویکسین نہیں لگوانا چاہتیں انھیں محکمہ کی جانب سے مجبور نہیں کیا جائے گا۔ سی ای او ایجوکیشن نے وزیر تعلیم کے احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے وائس میسج کے ذریعے محکمہ تعلیم کے افسران کو حکم دیا ہے کہ تمام سکولز کے سٹاف کو ویکسین لگوانے کی ترغیب دی جائے۔جو ٹیچر ویسکین نہ لگوائے اسے سکول سے باہر نکال کر غیر حاضری لگا دی جائے۔سی او ایجوکیشن کے تحقیر آمیز لہجے سے اساتذہ خصوصاً خواتین میں تشویش پائی جاتی ہے۔ دل کے عارضے میں مبتلا خواتین اور حاملہ خواتین اس ضمن میں پریشان نظر آ رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق قبل ازیں بھی ساہیوال میں خواتین ٹیچرز کو ڈینگی ایکٹیوٹی کے لیے روزانہ کی بنیاد پر سکولز میں بلوایا جاتا رہا ہے۔ سی ای او ایجوکیشن نے قبل ازیں ایک رشوت خور کلرک کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ایک ٹیچر کو معطل کیا تھا۔ جس کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی نے سی ای او کی سرزنش کی تھی۔ خواتین اساتذہ نے سی ای او ایجوکیشن کے جابرانہ رویے کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیاہے۔
