ساہیوال، کورونا کیسز میں اضافہ، آکسیجن بیڈ کم پڑ گئے

ساہیوال(ایس این این) ساہیوال میں کووڈ 19 کے حوالے سے محکمہ صحت کے ترجمان اور ساہیوال میڈیکل کالج کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر وسیم نے خبردار کیا ہے کہ ساہیوال ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال میں کورونا کے مریضوں کے لئے مختص تمام آکسیجن بیڈ ختم ہو چکے ہیں۔ کورونا مریضوں کو رکھنے کے لئے گورنمنٹ حاجی قیوم ہسپتال کا ایک حصہ کورونا کے مریضوں کے لئے مختص کر دیا گیا ہے۔ مریضوں کو آکسیجن کی فراہمی کے لئے مزید آلات اور وینٹی لیٹر کا انتظام کر لیا گیا ہے۔ ہسپتال کے مختلف ڈیپارٹمنٹس سے طبی عملہ نکال کر کورونا کے مریضوں کے لئے مختص کر دیا گیا ہے۔لیکن جس رفتار سے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے شاید یہ انتظامات ناکافی ثابت ہوں اور شاید مزید وارڈز بھی مریضوں کے لئے خالی کروانے پڑیں۔ روزانہ 20-25 مریض ایمرجنسی میں آ رہے ہیں جن کا آکسیجن لیول 50 فیصد سے بھی کم ہوتا ہے۔ آپ سب سے التماس ہے کہ تقریبات اور خریداری ترک کر دیں اور انتہائی ضرورت کے بغیر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلہ کورونا کو بڑھنے سے روکتا ہے۔ حکومتی ایس او پیز کی پیروی کریں۔ اپنے گھر کے بوڑھے افراد کی حفاظت کا دارومدار آپ پر ہے۔ 60 سال سے زیادہ عمر کے افراد ویکسین ضرور لگوائیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں