چیچہ وطنی،خاتون ٹیچر کے پلاٹ پر قبضہ، اپیل وائرل ہونے پر ایکشن

ساہیوال (ایس این این) اسلام آباد میں مقیم چیچہ وطنی کی ریٹائرد ٹیچر کے پلاٹ پر قبضہ. سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی انصاف کی اپیل پر اینٹی کرپشن پنجاب کا ایکشن. محکمہ اینٹی کرپشن نے خاتون استاد کا پلاٹ ہتھیانے والے قبضہ مافیا پر پرچہ کاٹ دیا۔مکمل انکوائری کے بعد غیر قانونی قابض سات افراد کے خلاف پرچہ درج کیا گیا جن میں ارشد علی، محمد عثمان، ایس سی او لینڈ ریکارڈ سینٹر ملتان ندیم لودھی، رجسٹری برانچ کے جونیئر کلرک ندیم چٹھہ بھی نامزد ہیں۔ذرائع کے مطابق چیچہ وطنی سے تعلق رکھنے والی خاتون ٹیچر عذرا ظفر کے ملتان آفیسرز کالونی میں واقع پلاٹ پر قبضہ مافیا مسلط تھا۔ ریٹائرڈ ٹیچر عذرا ظفر نے ٹویٹر پر فریاد کی تو ڈی جی اینٹی کرپشن محمد گوہر نے معاملے کا نوٹس لے لیا۔قبضہ مافیا نے خاتون ٹیچر کے ایک کنال پلاٹ پر قبضہ کر کے اپنا دفتر بنالیا تھا، خاتون نے ٹویٹر پر قبضہ مافیا کے خلاف اپنی درد بھری داستان لکھی تھی۔ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ملتان حیدر وٹو نے خاتون ٹیچر سے رابطہ کرکے حقائق معلوم کئے، خاتون سے پراپرٹی کی دستاویزات منگوا کر انکوائری شروع کی گئی تھی، دستاویزات کی چھان بین سے قبضہ مافیا کی جعلسازی واضح ہوگئی، چھان بین کے بعد خاتون کی مدعیت میں پرچہ درج کر لیا گیا۔یاد رہے کہ عذرا ظفر سرکاری سطح پر تدریس کے فرائض انجام دینے کے بعد اعزازی طور پر ڈی پی ایس ساہیوال کے چیچہ وطنی کیپمس میں بطور سیکشن ہیڈ اپنے فرائض انجام دیتی رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں