ساہیوال، ڈی سی کی صدارت میں اردو زبان کی ترویج کے لیے اجلاس

ساہیوال(بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر بابر بشیر نے کہا ہے کہ اردو کا فروغ قومی یکجہتی کے لئے بنیادی اہمیت کا حامل ہے،دفتری خط و کتابت میں اردو کو فروغ دے کر عام آدمی کو درپیش مشکلات کو دور کیا جا سکتا ہے- ضلعی انتظامیہ سرکاری فیصلوں اور خط و کتابت میں اردو کے فروغ کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے جس کے لئے ملازمین کی مناسب تربیت اور انگلش اصلاحات کے آسان اردو ترجمہ پر توجہ دی جائے گی- انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ہونے والے اجلاس میں کہی جس میں دفتری زبان کے طور پر اردو کی ترویج پر غور کیا گیا -اجلاس میں اے ڈی سی جنرل شیر افگن،ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی،سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر محمد ارشد،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر دیوان،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن انعام الرحمن اور ماہر لسانیات اردو پروفیسر ارجمند قریشی اور ڈاکٹر ندیم عباس اشرف نے بھی شرکت کی -اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلے مرحلے میں تمام سرکاری دفاتر میں عوام کی سہولت کے لئے خط و کتابت اردو میں کی جائے جس کے لئے مقتدرہ قومی زبان کی طرف سے شائع کردہ اردو اصلاحات کی کتاب کی دستیابی یقینی بنائی جائے-ڈپٹی کمشنر نے شعبہ اردو کے اساتدہ پر مشتمل خصوصی کمیٹی بنانے کی بھی ہدایت کی جو روز مرہ انگلش الفاظ کا آسان اردو بھی ترجمہ کرنے میں مدد دے گی اور اس سلسلے میں محکموں کے ملازمین کی مناسب رہنمائی بھی کرے گی -ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کے متعلقہ ملازمین کو اردو ٹائپنگ میں تربیت حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی-

اپنا تبصرہ بھیجیں