ساہیوال، کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کے لیے قرنطینہ سنٹر قائم

ساہیوال(بیورورپورٹ)ضلعی انتظامیہ نے کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کو صحت یابی تک الگ تھلگ رکھنے اور وائرس کے دوسرے افراد تک منتقلی کو روکنے کے لئے ساہیوال میں کوارنٹائن سنٹر قائم کر دیا گیا ہے -یہ سنٹر گورنمنٹ کالج ساہیوال کے بوائز ہاسٹل میں قائم کیا گیاہے جہاں 120کمروں میں متاثرین کو رکھنے کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں -انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے گورنمنٹ کالج میں ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن محمد احسن وحید نے کی -اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید،ڈی پی او محمد علی ضیاء،وائس چانسلر یونیورسٹی آف ساہیوال ڈاکٹر محمد ناصر افضل،ڈائریکٹر کالجز شباب فاطمہ،ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر صادق سلیم،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اظہر نقوی اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی -اجلاس میں بتایا گیا کہ اس سنٹر میں ضلع ساہیوال سے تعلق رکھنے والے مشتبہ اشخاص کو رکھا جائے گا اور کسی میں بھی وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر اسے فی الفور قیوم ہسپتال میں بنائے گئے آئیسولیشن وارڈ میں منتقل کر دیا جائے گا تا کہ وائرس صحت مند افراد تک نہ پھیل سکے -ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے اجلاس کو بتایا کہ کوارنٹائن سنٹر میں تمام سٹاف کی ڈیوٹیاں بھی لگا دی گئی ہیں اور مختلف اداروں میں رابطہ کار کو بہتر بنانے کے لئے اے ڈی سی ریونیو کو فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا ہے -انہوں نے متعلقہ محکموں کو تیاریوں کے حوالے سے موک ایکسر سائز کرنے کی بھی ہدایت کی تا کہ کوتاہیوں کو دور کیا جا سکے -اجلاس میں ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر صادق سلیم اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اظہر نقوی نے ہسپتالوں میں کئے گئے انتظامات اور سٹاف کی ڈیوٹی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی –

اپنا تبصرہ بھیجیں