اسلام آباد(ایس این این ویب ڈیسک) سینئر صحافی،اینکر اور کالم نگار جاوید چوہدری نے موجودہ سیاسی صورت حال پر دلچسپ تجزیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک خاتون کا بیٹا شرارتی تھا‘ وہ بچے کو ایک نفسیات دان کے پاس لے گئی اور نفسیات دان نے بچے کو ایک بڑی سائز کی نیکر پہنا دی‘ بچہ اس کے بعد شرارتیں چھوڑ کر سارا دن دونوں ہاتھوں سے اپنی نیکر تھامے رکھتا تھا‘ خاتون کی زندگی میں سکون آ گیا‘ پاکستان تحریک انصاف الیکشن جیت چکی ہے لیکن نہ جانے کیوں یہ جیت ایک بڑے سائز کی نیکر محسوس ہوتی ہے، عمران خان جب تک یہ نیکر سنبھال سکیں گے یہ حکومت اس وقت تک چلتی رہے گیاور جس دن یہ تھک گئے اس دن حکومت نیکرکی طرح نیچے گر جائے گی۔ عمران خان کو اس وقت کیا کیا چیلنجز درپیش ہیں آئیے ہم وہ ڈسکس کرتے ہیں‘ پہلا چیلنج وفاق‘ پنجاب اور کے پی کے میں حکومت سازی ہے‘ وفاق میں پی ٹی آئی کے پاس اس وقت 108 نشستیں ہیں‘ حکومت بنانے کیلئے 136 ارکان درکار ہیں گویا انہیں مزید 28 ارکان چاہئیں‘ چار ق لیگ‘ 11 آزاد ارکان اور شیخ رشید کو ملانے کے بعد بھی انہیں 12 ارکان کی شارٹیج ہے‘ یہ12 لوگ آج بھی انہیں بلیک میل کر رہے ہیں اور یہ کل بھی انہیں وزارتوں‘ ٹھیکوں اور مک مکا کیلئے بلیک میل کرتے رہیں گے‘ عمران خان نے جس دن انہیں ایزی لوڈ کرانے سے انکار کیا‘ یہ نیکر نیچے گرا دیں گے‘ پنجاب میں پی ٹی آئی کے 124ارکان ہیں‘ اب تک 7 آزاد ارکان نے پارٹی جوائن کی‘7 ق لیگ کے ارکان ہیں‘11 ارکان مزید چاہئیں‘ یہ بھی انہیں وزارتوں کے عوض خریدنے پڑیں گے یا پھر ان کے ساتھ مک مکا کرنا پڑے گا چنانچہ پنجاب کی نیکر بھی ڈھیلی رہے گی اور کے پی کے میں پرویز خٹک 45 ارکان لے کر الگ بیٹھے ہیں‘ ان کا دعویٰ ہے مجھے اگر چیف منسٹر نہ بنایا گیا تو میں سیاست چھوڑ دوں گا‘ عمران خان عاطف خان کو سی ایم بنانا چاہتے ہیں‘ آپ اس ڈھیلی نیکر کا کیا کریں گے‘دوسرا چیلنج پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی اپوزیشن تیار ہو چکی ہے، یہ ملک میں اپوزیشن کا سب سے بڑا الائنس ہو گا‘ اپوزیشن پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کرے گی‘ حکومت اتنی بڑی اپوزیشن کی موجودگی میں کوئی بل پاس نہیں کرا سکے گی‘ آپ اس سے کیسے نمٹیں گے اور تیسرا چیلنج ملکی تاریخ میں پہلی بار الیکشن میں دھاندلی کے خلافسب سے بڑا اتحاد بن گیا،آپ اس کا مقابلہ بھی کیسے کریں گے۔ میری انفارمیشن کے مطابق آصف علی زرداری اور میاں نواز شریف دونوں عمران خان کو وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں‘ ان کا خیال ہے حکومت چھ ماہ نہیں نکال سکے گی‘ عمران خان ان حالات میں حکومت کیسے بنائیں گے اور کیسے چلائیں گے.
