ڈی آئی خان، پی ٹی آئی کے امیدوار اکرام گنڈا پور خود کش حملے میں شہید

ڈیرہ اسمعیل خان(ویب نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں خود کش حملے کے نتیجے میں تحریک انصاف کے امیدوار اکرام اللہ خان گنڈاپور سمیت 2 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق پی ٹی آئی امیدوار اکرام خان گنڈاپور انتخابی مہم کے لیے جیسے ہی گھر سے نکل کر گاڑی میں بیٹھنے لگے کہ ایک خودکش بمبار نے ان کے قریب آکر خود کو دھماکے سے اڑالیا جس کے نتیجے میں اکرام اللہ گنڈا پور، سابق ناظم یو سی درابن نجیب شاہ، ڈرائیور رمضان سمیت 6 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اکرام اللہ گنڈا پور اور ان کا ڈرائیور رمضان شہید ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دھماکہ خودکش تھا اور حملہ آور کے اعضا قبضے میں لے لیے ہیں جب کہ سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لیکر مزید شواہد اکھٹے کرنے کا کام شروع کردیا ہے۔ اکرام خان گنڈاپور صوبائی اسمبلی کی نشست پی کے 99 سے پی ٹی آئی کے امیدوار تھے جب کہ وہ پی ٹی آئی کی حکومت میں صوبائی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ ان کے بھائی اسرار اللہ گنڈا پور بھی خودکش حملے میں شہید ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں