حنیف عباسی بھی میدان سے باہر، عمر قید کی سزا

راولپنڈی(ایس این این) انسداد منشیات عدالت راولپنڈی کے جج سردار محمد اکرم خان نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کے خلاف ایفی ڈرین کیس کا فیصلہ سنا دیا. حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی.این اے 60 کے امیدوار حنیف عباسی کا مقابلہ شیخ رشید سے تھا تا ہم اب شیخ رشید کے لیے میدان خالی ہو چکا ہے. حنیف عباسی کے ساتھ نامزد دیگر7 ملزمان کو شک کا فائدہ دے کر بری کر دیا گیا ہے. یاد رہے عدالت کے فیصلہ محفوظ کیے جانے سے قبل حنیف عباسی کے وکیل تنویر اقبال نے عدالت کی دی ہوئی ڈیڈ لائن میں اپنی حتمی دلائل مکمل کیے۔ انہوں نے سیلز ریکارڈ اور بینک ٹرانزیکشن کا ریکارڈ پیش کرتے ہوئے موقف اختیارکیا کہ اے این ایف ایفیڈرین کے غیرقانونی استعمال کی بات کرتی ہے مگر کوئی ٹھوس شہادت نہیں، اے این ایف نے صرف لیبارٹری رپورٹ دی، گولیوں کی تیاری اور ان میں ایفیڈرین کی مقدار کا نہیں بتایا گیا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے انسداد منشیات عدالت کو حنیف عباسی کے خلاف ایفیڈرین کیس کا فیصلہ 21 جولائی کو سنانے کا حکم دیا تھا۔
ادویات بنانے والی کمپنیوں کو ایفیڈرین کی الاٹمنٹ میں ہوشربا بے ضابطگی کی باز گشت پہلی مرتبہ مارچ 2011 میں سنی گئی جب اس وقت کے وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین نے اسمبلی کو بتایا کہ مکمل تحقیقات کے بات یہ سامنے آئی ہے کہ ایفیڈرین کی مقرر کردہ مقدار سے کئی گنا زیادہ مقدار کی غیر قانونی طور الاٹمنٹ کی گئی ہے۔ صرف دو کمپنیوں کو 9 ہزار کلو گرام ایفیڈرین الاٹ کی گئی جب کہ زیادہ سے زیادہ مقدار 5 سو کلو گرام ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں