ساہیوال، الیکشن کمشن معیار سے تجاوز کرنے والے اشتہاری بورڈ اتار دئیے گئے

ساہیوال (بیورورپورٹ)ضلعی انتظامیہ نے عام انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کے وضع کردہ ضابطہ اخلاق پر بلا تفریق عمل در آمد کے لئے اپنی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں اور تمام حلقوں کے لئے مقررہ کردہ مانیٹرنگ افسران روزانہ کی بنیاد پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کی رپورٹ بھیج رہے ہیں جن پر فوری عملدر آمد کیا جا رہا ہے۔یہ بات ڈپٹی کمشنر ساہیوال محمد زمان وٹو نے ضابطہ اخلاق پر پابندی کے حوالے سے اپنے دفتر میں بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔انہو ں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے مقررہ کردہ معیار سے زائد کے تمام ہورڈنگز اور بل بورڈ کو ہٹادیا گیاہے اورضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ایک امیدوار کو 50ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیاہے۔انہو ں نے کہا کہ انتظامیہ کی ذمہ داری مکمل غیر جانبداری سے الیکشن کمیشن کے احکامات پر عمل کروانے اور انتخابات کے پر امن انعقاد کے انتظامات یقینی بنانا ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے بتایا کہ تمام امیدوار وں اور ان کے نمائندوں کو بھی ضابطہ اخلاق کے حوالے سے مکمل بریفنگ دیدی گئی ہے تا کہ امیدوار بذات خود اس پر عمل کریں انہوں نے کہا کہ بغیر اجازت ریلیں نکالنے‘آتشی اسلحے اور لاؤڈ سپیکر کا استعمال کرنے کی قطعاً اجازت نہیں اور خلاف ورزی پر فوری سخت کارروائی کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں