ساہیوال، بارشوں کے پیش نظر سیوریج نالوں کی صفائی کا حکم

ساہیوال ( بیورورپورٹ) میئرساہیوال اسد علی خاں بلوچ نے میونسپل کارپوریشن آفیسرز اورتمام سینٹری انسپکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ جوگی چوک سے مشن چوک‘ جوگی چوک سے مزدورپلی اور مزدورپلی سے سٹی بند روڈ تک تمام سیوریج نالوں پرتجاوزات ہٹاکر نالوں کی صفائی کی جائے تاکہ مون سون بارش کے پیش نظر پانی کے نکاس کابہتر بندوبست ہوسکے۔ وہ یہاں مختلف روڈز پر سیوریج نالوں کے معائنہ کے بعد کارپوریشن افسران کو ہدایات دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ بازاروں کے نالوں پر موجود تجاوزات کو ختم کرکے نالوں کواوپن کیاجائے اور تمام مشینری اورسینٹری سٹاف کے ہمراہ نالوں کی صفائی آج ہی شروع کی جائے اوراگر کوئی دکاندار رکاوٹ پیداکرے تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے شہریوں اوردکانداروں سے اپیل کی کہ وہ خود ہی نالے خالی کردیں بصورت دیگرعملہ کارروائی کرے گا۔ میئرساہیوال کے حکم پرعملدرآمد کرانے کیلئے عملہ صفائی نے تجاوزات ہٹاکر نالوں کی صفائی شروع کردی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں