تھوک کر چاٹنے والا نہیں،نواز شریف بے وفا ہے:‌چوہدری نثار

راولپنڈی(ایس این این ) سابق وزیر داخلہ اوراین اے 59سے قومی اسمبلی کےآزاد امیدوار چوہدری نثار نے کہا ہے کہ میری34سالہ رفاقت اور وفاداری کا بدلہ نواز شریف نے بے وفائی کی صورت میں دیا۔ 25جولائی کونواز شریف سمیت پورا پاکستان دیکھے گا کہ میرا حلقہ مجھ سے بے وفائی نہیں کرے گا۔ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں تھوک کر چاٹنے والوں‌میں سے نہیں ہوں۔ اپنے مخالف سے بھی زیادتی نہیں کی لیکن کسی کے پیچھے ہاتھ باندھ کر نہیں کھڑا ہو سکتا ۔میں نے ہمیشہ سر اٹھا کرسیاست کی ہے ۔عمران خان دوست ہیں ٹکٹ لے سکتا تھا مگر اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے ساتھ مل کر دہشت گردی کی جنگ لڑی اور کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا اگر میرا مخالف مجھ سے زیادہ ایماندار اور پڑھا لکھا ہے تو اسے ووٹ دے دینا لیکن یاد رکھنا ووٹ ایک امانت ہے۔ جیپ کے نشان پر مہر لگانا۔ کل شیر کو اٹھانے والے آج جیپ کو سر پر اٹھائے پھر رہے ہیں۔ میں ڈرنے والا نہیں اسی لئے4 سیٹوں سے الیکشن لڑ رہا ہوں۔میرا ایک مخالف میٹرک فیل ہے۔ اس کا چورن اس لئے بکتا ہے کہ وہ کہتا ہے کہ چوہدری نثار کا مخالف ہوں اسی وجہ سے اسے وفاقی وزیر بھی بنایا گیا۔25 جولائی کو فتح سواں کا پانی پینے والوں کی ہو گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں