ساہیوال(بیورورپورٹ)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عاطف اکرام نے کہا ہے کہ ضلع ساہیوال کو ہر قسم کے جرائم سے پاک کرنے اور تھانوں میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کاعزم کررکھاہے۔فرنٹ ڈیسک کے قیام سے ایف آئی آر کے بروقت اندراج کو یقینی بنایاگیاہے اور فرنٹ ڈیسک پر موجود خوش اخلاق عملہ عوام کی سہولت کیلئے ہروقت موجود رہتاہے ان کی خدمات قابل تحسین ہے۔وہ یہاں اپنے دفتر میں فرنٹ ڈیسک سٹاف کے ساتھ ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے سائلین سے خوش اخلاقی سے پیش آنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر مسئلہ کاحل ایف آئی آر نہیں‘سول اور گھریلو نوعیت کے معاملات میں سائلین کی رہنمائی کی جائے اور گھریلو ناچاقی کی صورت میں انہیں تسلی سے سن کر مکمل آگاہی فراہم کی جائے۔اگر کیس سنجیدہ نوعیت کا ہو تو متعلقہ ایس ایچ او کے نوٹس میں دیاجائے۔انہوں نے کہاکہ ہر درخواست پہلے تھانے میں ڈیل کی جائے گی اگر سائل مطئمن نہ ہو تو وہ اپنی درخواست ڈی پی او دفتر شکایت برانچ میں جمع کروائے۔انہوں نے کہاکہ آئی ٹی کے نئے سسٹم کی بدولت فرنٹ ڈیسک کی کارکردگی کو براہ راست ڈی پی او دفتر مانیٹر کیاجارہاہے۔انہوں نے اچھی کارکردگی دکھانے والے عملہ میں تعریفی اسناد تقسیم کئے۔
