ساہیوال، یوم علی ؓ پر سیکیورٹی کے انتظامات مکمل

ساہیوال (بیورورپورٹ)ضلعی پولیس نے یوم شہادت حضرت علی ؓ کے حوالے سے سکیورٹی پلان جاری کر دیاہے۔ ضلع بھر کے 11جلوسوں اور 42مجالس پر کل 610پولیس افسران و ملازمان بائی نیم ڈیوٹی پر مامور کئے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عاطف اکرام نے اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں اے کیٹیگری کے03، بی کیٹیگری کے07اور سی کیٹیگری کا 01جلوس جبکہ اے کیٹیگری کی 05، بی کیٹیگری کی 27اور سی کیٹیگری کی 10مجالس ہوں گی۔ جس میں 03ڈی ایس پیز، 11انسپکٹرز،41سب انسپکٹرز،61اسسٹنٹ سب انسپکٹرز،66 ہیڈکنسٹیبلان، 428 کنسٹیبلان و لیڈیز سٹاف کل 610اہلکاروں سمیت81قومی رضاکاراور 212والینٹیئرز بھی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔انہوں نے کہا کہ جلوس و مجالس کی چیکنگ سراغ رساں کتوں، بم ڈسپوزل اسکواڈ، میٹل ڈیٹیکٹرکے ذریعے جبکہ خواتین کی چیکنگ بذریعہ لیڈیز سٹاف کی جائے گی اور اہم مقامات پر واک تھرو گیٹ لگائے جائیں گے۔تمام مجالس و جلوسوں پر 03پوائنٹس پر چیکنگ کو یقینی بنایا جائے گا۔ ہر مجلس و جلوس کی آڈیو/ و یڈیوریکارڈنگ کی جائے گی جبکہ CCTVکیمرے بھی لگائے جائیں گے۔ ضلعی سطح پر ڈی پی او آفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جو 24گھنٹے کھلا رہے گا۔ ایلیٹ فورس کے جوان اہم مجالس کے ارد گرد اور جلوس کی صورت میں جلوس کے آگے اور پیچھے سکیورٹی کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس سے ملحقہ گلیوں کو عارضی رکاوٹیں لگاکر بند کر دیا جائے گا۔
مزید براں ڈپٹی کمشنر شو کت علی کھچی نے کہا ہے کہ یوم علی ؓ کے موقع پر جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے لئے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔تمام محکمے اپنی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دیں اور کسی قسم کی کوتاہی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گی۔یہ بات انہو ں نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بوڈر کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں اے ڈی سی آر قدیر باجوہ‘اے سی ساہیوال عرفان انوراور چیچہ وطنی نعیم قیصر‘ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر 1122خالد عبداللہ‘مولانا احسان الحق فریدی‘ سی ای او ہیلتھ سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ انہو ں نے شب قدر‘جمعتہ الوداع اور عید الفطر کے موقعوں پر بھی سکیورٹی اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے سی ای او ہیلتھ کو ہدایت کی کہ عیدالفطر کے دنوں میں ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی سپیشل ڈیوٹیاں لگائیں جائیں۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے ممکنہ سیلاب کی صورتحال اور خطرناک بلڈنگ کا معائنہ کرنیکی بھی ہدایت کی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر خالد عبداللہ نے اجلاس کو بتایا کہ ریسکیو 1122کسی بھی نا گہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہر وقت تیار ہے اور اس سلسلے میں سٹاف کی ڈیوٹیاں لگادی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں