نگران وزیراعظم نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

اسلام آباد(ایس این این) نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا، ایوان صدر اسلام آباد میں نگراں وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری منعقد ہوئی۔صدر مملکت ممنون حسین نے نگراں وزیر اعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
تقریب حلف برداری میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت سابق کابینہ و قومی اسمبلی کے ارکان، سینیٹ کے چیئرمین اور ارکان، صوبائی گورنرز، ججز اور مسلح افواج کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک اپنی کابینہ تشکیل دیں گے۔
تقریب حلف برداری سے قبل سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو وزیراعظم ہاؤس میں تینوں مسلح افواج کے دستوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا جب کہ شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم ہاؤس سے روانگی پر اپنے عملے سے بھی الوداعی ملاقاتیں کیں۔نگراں وزیراعظم جسٹس ناصر الملک کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے، وہ 17 اگست 1950ء کو سوات میں پیدا ہوئے، 1993ء میں انہیں صوبہ خیبر پختونخوا کا ایڈووکیٹ جنرل تعینات کیا گیا اور 1994ء میں اُنہیں پشاور ہائی کورٹ کا جج بنا دیا گیا۔جسٹس ناصر الملک کو 2004ء میں پشاور ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا گیا جبکہ ایک سال کے بعد اُنہیں سپریم کورٹ کا جج تعینات کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں