ساہیوال میں امن کے حوالے سے موجودہ دورسیاہ ترین رہا: شیخ اعجاز

ساہیوال(ایس این این )پاکستان زندہ باد موومنٹ کے صوبائی کنوینئر شیخ اعجاز احمد رضا نے کہاہے کہ ظلم وستم ‘ناانصافی اور پولیس اسٹیٹ بنانے والوں کی حکومت کا وقت ختم ہونے میں چند گھنٹے باقی ہیں امن وامان کی فضا کو سبو تاژ کیاگیا‘ا من کمیٹیوں میں سیاسی مداخلت ‘ مذہبی انتشار پھیلایاگیا‘ من پسند لوگوں کے ذریعے اپنی تعریفیں کروائی گئیں اور زمینی حقائق پر توجہ نہ دی گئی۔ امن کے حوالے سے ساہیوال میں سیاہ دور رہا ۔ صحافی خالد محمود بٹ کا قتل ‘ ڈاکٹر قاسم کا قتل ‘انسپکٹر فدا حسین کا قتل اور مرزا عاطف اور اقبال جوئیہ پر حملے‘ مساجد کے ایشو پر سیاسی مداخلت اور مسالک کے درمیان اختلافات کو ہوا دی گئی۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ممبران اسمبلی کی تسکین تو ہوگئی مگر شہر کا امن برباد ہوگیا ۔ اتحاد بین المسلمین امن کمیٹی کی سالہا سال خدمات کو پس پشت ڈال کر اقتدار اور کرپشن کو طول دینے کیلئے افراتفری پیدا کی گئی۔ لوگ سربازار لٹتے رہے ۔ سیاسی قتل ہوتے رہے‘ گولیا ں چلتی رہیں اور ان نمائندوں کی مداخلت سے منشیات کے کاروبار میں اضافہ ‘ڈکیتوں اور چوروں کی کھلے عام حمایت کی گئی۔ میرٹ پر فیصلے کرنے سے روکاگیا ۔ دن دیہاڑے قتل ‘ قحبہ گری میں روزبروز اضافہ ہوا اورکسی کو نوکری نہ ملی۔ انہوں نے کہاکہ صاف پینے کاپانی نہیں‘ مریضوں کو ادویات کی فراہمی اور علاج کی مشکلات ہیں۔ جھوٹے پرچے کروائے گئے ‘ بھتے وصول کئے گئے ‘لوگوں کو دھمکیاں دی گئیں اور اربوں روپے کی اراضی پر قبضہ کیاگیا۔ اب ان کے احتساب کا وقت آگیاہے جس کیلئے عوام تیار رہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں