سندھ اسمبلی میں خاتون رکن اسمبلی نے جوتا دکھا دیا

کراچی(ایس این این )سندھ اسمبلی میں مسلم لیگ فنکشنل کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی کی جانب سے جوتا دکھانے پر ہنگامہ آرائی ۔ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا کی سربراہی میں سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران حکومتی رکن ممتاز جاکھرانی نے نصرت سحر عباسی کی جانب اشارہ کرکے کہا کہ نصرت سحر اجلاس کے دوران شورشرابا کرتی ہیں اور یہ نہیں بتاتی کہ انہوں نے پی پی سے کتنے فائدے حاصل کئے۔ ان کو شرم حیا نہیں۔ جس پر نصرت سحر عباسی نے غصے میں آکر ایوان میں جوتا دکھایا اور غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کئے۔ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نصرت سحر عباسی کو اسمبلی سے باہر نکل جانے کا حکم دے دیا تاہم وہ اپنی نشست پر براجمان رہیں۔ اپوزیشن ارکان کی جانب سےخاتون ہونے کے ناطے نصرت سحر کی اس حرکت کو نظر انداز کرنے کی درخواست کی تو ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ یہاں پر خاتون کارڈ بہت کھیلا جاچکا ہے، پانچ دن سے یہاں بہت ڈرامے بازی ہورہی ہے، اجلاس میں جوتا دکھانا کوئی طریقہ نہیں۔ قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن نے ڈپٹی اسپیکر کو نام لے کر پکارا تو شہلا رضا نے انہیں بھی ڈانٹ دیا۔ خواجہ اظہار نے کہا خاتون سے متعلق ریمارکس کارروائی سے حذف کیے جائیں، جس پر ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے ان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایوان میں جوتا دکھایا جاتارہا لیکن سب وکیل بن کر کھڑے ہوجاتے ہیں۔ ان کے پاس اب کہنے کو کچھ نہیں رہا اس لیے اب حکومتی ارکان اس کا جواب دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں