ساہیوال: ساڑھے 12 لاکھ سے زائد چوری کا مال برآمد، ڈی پی او کی ایس ایچ کو شاباش

ساہیوال (بیورورپورٹ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر عاطف اکرام نے کہاہے کہ پولیس چوروں اور ڈاکوؤں کو گرفتارکرکے ان سے لوٹا ہوا مال مسروقہ برآمدکرنے کیلئے بھرپور کوشاں ہے۔ تاجر وں کے جان ومال کاتحفظ بھی ہماری اولین ترجیح ہے۔ وہ تاجروں کے ایک وفد سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران گفتگوکررہے تھے۔ اس موقع پر ایس ایچ او سٹی راناآصف سرور بھی موجود تھے۔ انہوں نے چند روز قبل صدر بازار کے تاجر میاں غلام فرید چشتی کی دیسی ادویات پر مشتمل دوکان میں ہونے والی واردات کے ملزمان کوفوری گرفتار کرکے ان سے مال مسروقہ تقریباً ساڑھے 12لاکھ روپے کی برآمدگی کرنے پر ایس ایچ او سٹی رانا آصف سرور کو شاباش دی اور انہیں نقد انعام اورتعریفی سرٹیفکیٹ دیا۔ اس موقع پر ڈی پی او ڈاکٹر محمد عاطف اکرام نے کہاکہ پولیس افسران محنت اور لگن کے ساتھ کام کریں تو چوروں اورڈاکوؤں کا چھپ کر رہنا مشکل ہے۔ اس لئے پولیس افسران دل جمعی اور دیانتداری کے ساتھ سخت محنت کریں تاکہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنا یاجاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں