چیچہ وطنی:‌جی ٹی روڈ پر کوڑے کے ڈھیر، ٹی ایم اے خاموش

چیچہ وطنی(ایس این این) چیچہ وطنی میں جی ٹی روڈ پر ریلوے لائن کے ساتھ جگہ جگہ کوڑا کرکٹ اور غلاظت کے ڈھیرسے اٹھنے والے تعفن سے وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ پیدا ہوگیا، ٹی ایم اےکی چشم پوشی سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، تفصیلات کے مطابق بلدیاتی ادارے کی مجرمانہ غفلت اور عدم دلچسپی نے جی ٹی روڈ چیچہ وطنی کو کچرا کنڈی میں تبدیل کر دیا ہے.

چیچہ وطنی میں جی ٹی روڈ پر ریلوے لائن کے ساتھ کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جن سے اٹھنے والے تعفن نے مکینوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بلدیاتی ادارے کی تمام تر توجہ مبینہ طور پر شہر بھر میں لگائے جانے والے ، ٹھیلوں، کھکھوں، اڈہ مالکان اور دکانوں کی حدود سے باہر رکھے ہوئے سامان کی مد میں حاصل ہونے والی آمدنی پر ہی مرکوز رہتی ہے .

ٹی ایم اے نے صفائی کے مسئلے پر توجہ نہیں دی۔دوسری جانب اوڑھ کالونی کی سڑک پر بھی کوڑ کرکٹ کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں. شہر کے طاقت ور سیاسی گروپ کی پشت پناہی کا حامل ایک خاندان نہر کنارے بھینسوں کا باڑہ بنا کر بھینسوں‌کا گوبر نہر برد کرتا ہے. مگر ٹی ایم اے کے اہل کار اس سے چشم پوشی کرتے آ رہے ہیں. سماجی حلقوں نے حکام بالا سے چیچہ وطنی سے کوڑے کے ڈھیر اٹھوانے اور بھینسوں کے باڑے شہر سے باہر منتقل کرنے کی استدعا کی ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں