ساہیوال (ایس این این ) کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ انتظامیہ نے چھوٹے کسانوں سے براہ راست گندم خریدنے کے لئے فول پروف انتظاما ت کئے ہیں اور گرداوری کے مطابق کسانوں کی لسٹیں مرتب کر کے انہیں باردانہ دیا جا رہاہے تا کہ انہیں آرھتیوں اور مڈل مینوں کی لوٹ گھسوٹ سے بچایا جا سکے -انہوں نے یہ بات گندم خریداری مرکز ہڑپہ اور بہادر شاہ کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے وہاں موجود کسانوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی -آر پی او طارق رستم چوہان بھی ان کے ہمراہ تھے -انہوں نے کسانوں سے کہا کہ وہ اپنی گندم خود لے کر خریداری مراکز پر آئیں تا کہ انہیں پورا معاوضہ مل سکے -حکومت نے تمام مراکز پر کسانوں کی سہولت کے لئے مستعد عملہ تعینات کیا ہے اور شکایات کا بھی فوری تدارک کرنے کا میکینزم ترتیب دیا گیاہے -انہوں نے مزید بتایا کہ ڈویژن بھر میں 45مراکز پر یہ مہم ٹارگٹ پورا ہونے تک جاری رہے گی تا کہ چھوٹے کسانوں کو آڑھتیوں کی مالی لوٹ گھسوٹ سے بچایاجا سکے -انہوں نے ان مراکز پر تعینات عملے کو ہدایت کی کہ وہ سکرو ل کو چیک کرنے کے بعد باردانہ جاری کریں تا کہ کسی کسان کے ساتھ نا انصافی نہ ہو سکے -انہوں نے مڈل مینوں کا کردار ختم کرنے کے لئے سخت تادیبی اقدامات اٹھانے کا بھی حکم دیا تا کہ کوئی غیر زمیندار باردانہ حاصل نہ کر سکے -انہوں نے ڈویژن کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر خریداری مراکز کا دورہ کریں اور وہاں کسانوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات خصوصا وزن کا پورا تولنا ،نمی کی مقدار کا جانچنا اور انہیں بیٹھنے کے لئے مناسب جگہ کی فراہمی یقینی بنائی جائے –
