خواجہ آصف نے نااہلی کا فیصلہ چیلنج کر دیا

اسلام آباد( ایس این این ) سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے اپنی نااہلی کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی.انھوں نے اپیل میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ اور الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے کی درخواست کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ وہ اپنے کاغذات نامزدگی میں بیرون ملک کا بینک اکاؤنٹ غیر اداری طور پر ظاہر نہ کر سکے، اس بینک اکاؤنٹ میں کاغذات نامزدگی کے ڈیکلیئرڈ (ظاہر شدہ) اثاثوں کی 0.5 فیصد رقم تھی، تاہم نااہلی کی رٹ دائر ہونے سے قبل وہ بینک اکاؤنٹ اور اقامہ ظاہر کر چکے تھے۔
خواجہ آصف نے درخواست میں کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بغیر شواہد غیر فعال بینک اکاؤنٹ کو ظاہر نہ کرنا بدنیتی قرار دے دیا، حالانکہ خود سے اکاؤنٹ ظاہر کرنے کے عمل کو بدنیتی نہیں کہا جا سکتا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے میں ملکی اور متحدہ عرب امارات کے قوانین کو مدنظر نہیں رکھا گیا، ہائیکورٹ نے درخواست گزار کے رویئے کو بھی سامنے رکھنا ہوتا ہے، درخواست گزار تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے ہائیکورٹ سے حقائق چھپائے۔خواجہ آصفکے مطابق کاغذات نامزدگی میں 6.8 ملین روپے کی بیرونی آمدن کو ظاہر کیا، بیرون ملک کی ظاہر کردہ آمدن میں تنخواہ بھی شامل تھی، ہائیکورٹ نے قیاس آرائیوں پر مبنی فیصلہ دیدیا، میرے خلاف رٹ 2017 میں دائر ہوئی، جب کہ میں 2015 میں اقامہ ظاہر کرچکا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں