ساہیوال،نواز شریف کا جلسہ، سڑکوں کی بندش، عوام پریشان

ساہیوال(ایس این این) ساہیوال میں نواز شریف کے جلسے کی وجہ سے پولیس اور انتظامیہ نے جگہ جگہ بئیریر لگا کر سڑکیں بند کر دیں، چرچ روڈ، اسٹیڈیم روڈ اور جناح ہال فرید ٹاؤن روڈ کے علاوہ کچہری روڈ کی طرف سے شہر جانے والے راستے عوام کے لیے بند رہے. یوم مزدور پر ریڑھی لگانے والے خوانچہ فروشوں کی ریڑھیاں بھی ہٹوا دی گئیں. تفصیل کے مطابق آج ساہیوال میں نواز شریف کی جانب سے جلسہ عام کے موقع پر صبح سے ہی شہر کی طرف جانے والی گزر گاہیں مقامی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے بیرئیر لگا کر بند کر دی گئیں. اس دوران مقامی دکانداروں‌کی دکانیں‌بھی بند رہیں جب کہ ریڑھی پر پھل فروخت کرنے والوں کو بھی اپنے ٹھکانوں سے ہٹا دیا گیا. موٹر سائیکل اور گاڑی سواروں کے لیے شہر جانے والے تمام راستے جزوی و غیر جزوی طور پر بند رہے. جس سے شہری پریشانی کا شکار رہے.اس دوران پولیس اور عوام کے مابین گرما گرمی کے مناظر بھی دیکھنے کو ملے. پولیس کے جوانوں نے کئی افراد کو دھکے بھی دئیے. فائیو ویز چوک میں ڈنڈا بردار پولیس اہل کار شہریوں‌کو ڈنڈوں سے دھمکاتے رہے.ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کے لیے کوئی روٹ میپ جاری نہ کیا تھا جس کی وجہ سے شہری سارا دن پریشانی کا شکار رہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں