ساہیوال جلسہ، نواز شریف کی سیکیورٹی کا پلان جاری

ساہیوال(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی شیخ ظفر علی سٹیڈیم ساہیوال میں آمد اورجلسہ کے حوالہ سے سکیورٹی پلان جاری کردیا گیا ہے۔جلسہ کے انعقاد کے لیے حفاظتی انتظامات کرنا اور امن وامان کے قیام کو یقینی بنانا پولیس کی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرساہیوال محمد عاطف اکرام نے اخبارنویسوں سے گفتگو کے دورا ن کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر1143پولیس افسران و ملازمان سکیورٹی کے فرائض سرانجام دینگے جس میں 2ایس پیز‘6ڈی ایس پیز‘ 27انسپکٹرز‘138سب انسپکٹرز/اسسٹنٹ سب انسپکٹرز‘ 726ہیڈ کانسٹیبز ،22لیڈی کانسٹیبلز‘12ایلیٹ کی ٹیمیں‘ 24سنائپراور140ٹریفک سٹاف شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ جلسہ گاہ کے اردگرد ایریا میں سرچ آپریشن کئے جارہے ہیں مزید اردگرد آبادیوں میں برائے انفارمیشن سادہ لباس میں بھی ڈیوٹی مامور کی جائے گی۔ جلسہ گاہ کی مکمل سویپنگ بذریعہ ٹیکنیکل آلات اور سنائپر ڈاگز سپیشل برانچ اور CTDسے کروائی جائیگی۔ انہوں نے مزیدکہا کہ گاڑیوں کی پارکنگ جلسہ گاہ سے دور ہوگی۔کوئی غیر ضروری یا مشکوک گاڑی اندر نہ جانے دی جائیگی۔ ہرشخص کو بذریعہ میٹل ڈیٹیکٹر چیک کیا جائے گا اور واک تھروگیٹ بھی نصب کئے گئے ہیں۔جلسہ گاہ کی طرف جانیوالے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندیاں لگا دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس کے لیے موجودہ حالات کے دوران امن و امان کی صورتحال کو بہتر رکھنا کسی چیلنج سے کم نہیں۔ امن و امان قائم رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ جلسہ گاہ کے اردگرد ایلیٹ فورس کی گشت کو موثر بنایا جائے گا۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھی پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونمانہ ہوسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں