نواز اڈیالہ جائیں یا لانڈھی،ان کےساتھ جنت جانا بھی قبول نہیں:زرداری

لاہور(ایس این این) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ الیکشن 2018ءسے قبل لاہور میں 5 بڑے جلسے کریں گے۔ بلاول ہاوس لاہور میں پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ نواز شریف کو حکومت بنانے کا موقع دیا۔ نواز حکومت کو اس لئے کچھ نہیں کہا کہ ملک میں جمہوریت کا عمل متاثر نہ ہومگر اقتدار ملتے ہی نواز شریف مغل اعظم بن گئے۔انہوں نے پیپلز پارٹی سے دوستی کی آڑ میں کھلواڑ کیا۔ اب سابق نااہل وزیراعظم پیغامات بھیجتا ہے لیکن انہیں بتادیا کہ اب ہم ان کے ساتھ جنت میں بھی نہیں جائیں گے۔ زرداری نے کہا کہ نواز شریف کو جیل جانا ہے۔ اڈیالہ جیل کی صفائی کی جا رہی ہے ۔ اب پتہ نہیں کہ نواز شریف نے اڈیالہ جانا ہے یا لانڈھی جیل جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی الیکشن 2018ءآزاد حیثیت میں لڑے گی۔ مسلم لیگ (ن) سے ہاتھ ملا ئیں گے نہ تحریک انصاف کے ساتھ کوئی اتحاد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ(ن) لیگی حکمران ملک کو دیوالیہ کر کے چلے جاتے ہیں اور ہم اس ملک کو سنبھالتے ہیں۔میاں صاحب نے کسی بھی ملک میں چلے جانا ہے مگر ہم نے ادھر ہی رہنا ہے۔ میاں صاحب کی سوچ اپنی ذات کے لئے ہوتی ہے۔ جمہوری نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ جب سابق صدر پرویز مشرف کو ملک سے نکالا تو لوگوں کو کچھ سمجھ نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ملکی نہیں اپنی طاقت کے بارے میں سوچتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں