”لاڈلا“ اوپر سے حکم لینے کا عادی ہے: نواز شریف

اسلام آباد(ویب نیوز)سابق وزیراعظم نواز شریف نے پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ لاڈلا ہے اور لاڈلے کو اوپر سے حکم لینے کی عادت ہو چکی ہے۔احتساب عدالت میں پیشی کے بعدصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ لاہور کے عوام نے کئی بار عمران خان کو مسترد کیا۔عمران خان وکٹ گرانے کا بہانہ کر کے لاہور سے بھاگ گئے۔انہوں نے کہا کہ 2013 میں عوام نے عمران خان کو مسترد کیا تھا، 2018 کے نتائج بھی عمران خان کے خلاف ہوں گے۔نواز شریف نے چیئرمین تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان پاکستان کی سیاست کی بدنامی کا باعث ہیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ پرویز خٹک نے صاف گوئی سے بتایا کہ اوپر سے حکم آیا ہے، اوپر کا مطلب بنی گالہ نہیں ہو سکتا،عوام جانتے ہیں کہ اوپر کا کیا مطلب ہے.لاڈلا اوپر سے حکم لینے کا عادی ہے اسی اوپر کے حکم سے تیر پر مہر لگا کر انھوں نے اپنی تبدیلی کی پول کھول دی ہے۔چوہدری نثار کو منانے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر نواز شریف نے خاموشی اختیار کر لی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں