ایپل کی جانب سےسستے آئی فونز لانچ کرنےکا امکان

سان فرانسسكو (ویب نیوز) آئی فون مارکیٹ اور ٹیکنالوجی کے تجزیہ کاروں اور ویب سائٹس نے امکان ظاہر کیا ہے کہ ایپل نئے آئی فون پر کام کررہا ہے اور اس بار کم قیمت آئی فون پیش کیے جائیں گے۔ان فونز کی قیمت 1000 ڈالر سے کم ہو گی.امکان ہے کہ کسی نئے آئی فون کی بجائے آئی فون کا 4 انچ سکرین والا ایس ای ٹو اور اسی طرح کے سیٹ پیش کیے جائیں گے تاہم ان میں آئی او ایس الیون انسٹال ہو گا۔ ٹیک کرنچ نامی معروف ویب سائٹ نے اطلاع دی ہے کہ آئی فون نے یوریشیئن اکنامک کمیشن ڈیٹا بیس میں اس ہفتے کم سے کم 11 نئے فون ماڈلز کی درخواست دائر کی ہے۔ واضح رہے کہ یوریشین ڈیٹا بیس آئی فون کے اندر کی خبریں لانے میں غیر معمولی شہرت رکھتا ہے۔کئی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی فون ایکس ٹو اور آئی فون ایکس ٹو پلس کے نام سے سستے ایل سی ڈی فون تیاری کے مراحل میں ہیں لیکن وہ ستمبر سے پہلے مارکیٹ میں پیش نہیں کیے جائیں گے۔ لیکن آئی فون ایس ای ٹو کے نئے ماڈلز شاید جون میں منظرِ عام پر آئیں گے جو قدرے سستے ہوں گے۔
دوسری جانب ٹیکنالوجی کی مشہور ویب سائٹ گزموڈو نے کہا ہے کہ آئی فون ایس ای آئی فون کے پرانے پرزوں سے تیار کیے جارہے ہیں جو صارفین کی جیب پر بھاری نہیں ہوں گے۔ اس طرح دو برس بعد ایپل کمپنی آئی فون ایس ای سیریز کو اپ ڈیٹ بھی کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں