ساہیوال: ڈکیتیوں پر قابو نہ پایا گیا تو احتجاج کریں گے: اعجاز رضا

ساہیوال(بیورورپورٹ )مرکزی انجمن تاجران کے سرپرست اعلیٰ شیخ اعجا زاحمد رضا نے کہاہے کہ پولیس افسران کو بڑھتی ہوئی چوری ڈکیتی کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے اعلیٰ اقدامات کرنےکی ضرورت ہے جدید اسلحہ سے لیس ڈاکو ڈکیتی بھی کرتے ہیں اور شہریوں پر تشدد بھی ‘اقدامات نہ اٹھائے گئے تو بڑے احتجاج کی کال دینگے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوںنے متاثرین سے ایک ملاقات میں کیا۔ انہوںنے کہاکہ دکانداروں کو گن پوائنٹ پر لوٹنا ڈاکوئوںکا ایک مشغلہ بن چکاہے۔ عوام کو تحفظ دینے والے ادارے خواب غفلت میں ہیں اورلوٹنے والے دندناتے پھر رہے ہیں اور انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ انہوںنے کہاکہ شیخ لیاقت ‘عبدالعزیز اور دیگر سے ہونے والی ڈکیتیوں کے ملزمان کو فوری گرفتارکرکے مسروقہ مال برآمد کیاجائے۔ ایک ہفتہ کے اندر ملزموںکو گرفتار نہ کیاگیا تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیاجائے گا ۔ ہم تاجروں ‘دکانداروں اور شہریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوںنے کہاکہ شہر میں مذہبی ‘تاجروں اور دوکانداروں کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے اعلیٰ حکام نوٹس لیں۔ تاجروںکے حقوق پامال کئے گئے ہیں تاجروں کی زبانوں کو بندکردیاگیا ہے اورشہر میں خوف وہراس پیدا ہواہے ۔ انہوںنے آج سے مختلف تنظیموں سے رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کیاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں