لندن(ایس این این) حوثی باغیوں نے الحدیدہ بندرگاہ پر لنگر انداز2 لاکھ ٹن تیل سے لدے 19آئل ٹینکرز کو حراست میں لے کر یرغمال بنا لیا ۔ یمن میں متعین سعودی سفیر محمد آل جابر کے مطابق حوثی باغی ایک جہاز کا 10لاکھ ریال تاوان مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باغی یمن کے عوام کو بھوکا مارنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نےمزید کہا کہ 19آئل ٹینکرز کو حراست میں لینے کا ایک مقصدجہازوں کی تباہی کے بعد بحر احمر میں ماحولیاتی آلودگی پیدا کردیں۔سعودی سفیر نے کہا کہ حوثی کئی برس سے الحدیدہ بندرگاہ کو یمنی عوام کیخلاف استعمال کررہے ہیں۔ وہ بلیک مارکیٹ قائم کرکے جہازوں پر لدا تیل مارکیٹ میں بھاری رقم پر فروخت کر سکتے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ یمن کے عوام کو انسانی حقوق کے تحت امداد کی اشد ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ کوالحدیدہ بندرگاہ کی نگرانی سنبھال لینی چاہیئے۔
